• KHI: Clear 18.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.7°C
  • KHI: Clear 18.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.7°C

اڈیالہ جیل کے باہر لڑائی، فواد چوہدری کے تھپڑ مارنے سے شعیب شاہین گر پڑے

شائع February 15, 2025
فواد چوہدری اور شعیب شاہین کے درمیان اڈیالہ کے گیٹ نمبر 5 پر لڑائی ہوئی — فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری اور شعیب شاہین کے درمیان اڈیالہ کے گیٹ نمبر 5 پر لڑائی ہوئی — فوٹو: ڈان نیوز

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر شعیب شاہین کے درمیان لڑائی ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر لڑائی کے دوران فواد چوہدری نے بیرسٹر شعیب شاہین کو تھپڑ ماردیا، جس کے بعد شعیب شاہین زمین پر گرگئے۔

اچانک ہونے والی لڑائی کے بعد موقع پر موجود جیل کے عملے نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کروایا، جیل عملے نے دونوں کو ایک دوسرے سے چھڑوایا، جھگڑے کے بعد فواد چوہدری اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے، جب کہ شعیب شاہین کو زمین پر گرنے کے باعث بازو پر چوٹ آئی۔

واضح رہے کہ 5 جنوری 2020 کو بھی فواد چوہدری نے سے متعلق اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے شادی کی تقریب کے دوران معروف ٹی وی اینکر مبشر لقمان کو تھپڑ رسید کردیا تھا۔

یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ سابق وفاقی وزیر نے کسی اینکر کو تھپڑ رسید کیا تھا، اس سے قبل چوہدری فواد حسین نے جون 2019 میں معروف اینکر سمیع ابراہیم کو بھی تھپڑ مارا تھا۔

فواد چوہدری نے جون 2019 میں معروف اینکر سمیع ابراہیم کو پنجاب کے شہر فیصل آباد میں شادی کی تقریب کے دوران تھپڑ رسید کیا تھا، جس کے بعد معروف اینکر نے مقدمہ بھی درج کروایا تھا۔

سمیع ابراہیم کو تھپڑ مارنے پر فواد چوہدری کو صحافتی تنظیموں سمیت حکومتی افراد کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ تھپڑ رسید کرنے کے واقعے کو 2 اداروں میں تصادم سمجھنے کے بجائے 2 اشخاص کے درمیان تنازع تصور کیا جانا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025