• KHI: Partly Cloudy 23.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 23.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C

کراچی: محمود آباد میں ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے 3 ڈاکوؤں کی لوٹ مار

شائع February 19, 2025
ڈاکو کی نظر جیسے ہی کیمرے کی جانب پڑی تو اس نے کیمروں کا سسٹم بند کر دیا
فائل فوٹو:
ڈاکو کی نظر جیسے ہی کیمرے کی جانب پڑی تو اس نے کیمروں کا سسٹم بند کر دیا فائل فوٹو:

کراچی کے علاقے محمود آباد اعظم بستی میں واقع ہوٹل میں مسلح ملزمان کی جانب سے شہریوں سے لوٹ مار کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق 3 ڈاکوؤں نے محمد آباد اعظم بستی میں واقع ہوٹل میں لوٹ مار کی، موٹرسائیکل پر سوار 3 ملزمان ہوٹل میں داخل ہوئے، جن میں سے 2 ڈاکوؤں نے فوری پستول نکال کر شہریوں پر تان دیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے ہوٹل میں موجود شہریوں سے ایک ایک کرکے موبائل فون چھین لیے، لوٹ مار میں مصروف ڈاکو کی نظر جیسے ہی کیمرے کی جانب پڑی تو اس نے کیمروں کا سسٹم بند کر دیا۔

ہوٹل میں موجود شہری اپنے موبائل فونز اور نقدی سے محروم ہوگئے، جس کے بعد واردات کرنے کے لیے آنے والے ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں معمول کے مطابق جاری ہیں، شہری ڈکیتوں کے ہاتھوں روزانہ کی بنیاد پر لٹ رہے ہیں۔

دوسری جانب کئی شہری روزانہ کی بنیاد پر اپنی موٹر سائیکلوں اور کاروں سے بھی محروم ہوجاتے ہیں، آئی جی سندھ کی حالیہ حکمت عملی کے بعد اسٹریٹ کرائمز میں معمولی کمی آئی ہے، تاہم وارداتوں کا سلسلہ بڑے پیمانے پر اب بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مبینہ ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا تھا، عوام نے تشدد کے بعد مبینہ ملزم کو پولیس کے سپرد کر دیا تھا۔

یہ واقعہ گلستان جوہر بلاک 13 میں پیش آیا تھا، موقع پر موجود شہری مشتعل ہوگئے، اور ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا تھا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی تھی، پولیس اہلکاروں نے ملزم کو شہریوں سے چھڑوانے کی کوشش کی، مجمع کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، جس کے بعد شہری منتشر ہوگئے تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون اور اسلحہ ملا تھا، ملزم کو مزید تفتیش کے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025