بلال بن ثاقب پاکستان کرپٹو کونسل کیلئے وزیر خزانہ کے مشیر مقرر

شائع March 6, 2025
— فوٹو: بلال بن ثاقب ڈاٹ کام
— فوٹو: بلال بن ثاقب ڈاٹ کام

وفاقی حکومت نے بلال بن ثاقب کو حال ہی میں اعلان کردہ پاکستان کرپٹو کونسل میں وزیر خزانہ کا چیف ایڈوائزر تعینات کردیا ہے۔

وزارت خزانہ نے 25 فروری کو اعلان کیا تھا کہ وہ عالمی رجحانات کے مطابق ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل کرنسیوں کو اپنانے کے لیے ’قومی کرپٹو کونسل قائم کرنے‘ پر غور کر رہی ہے۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک غیر ملکی وفد کے ساتھ ڈیجیٹل اثاثوں پر ملاقات کی جس میں ’صدر ٹرمپ کے ڈیجیٹل اثاثوں کے مشیر بھی شامل تھے‘۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حکومت نے بلال بن ثاقب کو پاکستان کرپٹو کونسل میں وزیر خزانہ کے مشیر کے طور پر تعینات کیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد ٹیکنالوجی میں ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایک مضبوط پالیسی کا اطلاق ہے تاکہ ملکی معیشت، ڈیجیٹل تبدیلی اور تمام شہریوں کے لیے محفوظ اور شفاف مالی نظام کویقینی بنایا جاسکے۔

بلال بن ثاقب کو فوربز نے تیس سال سے کم عمر کے ان 30 شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے، وہ ویب 3 سرمایہ کار، اسٹریٹجک مشیر اور بلاک چین کی دنیا کے معروف رہنما ہیں۔ کنگ چارلس سوئم، آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم اور میئر آف لندن نے کمیونٹی کے لیے خدمات کے اعتراف میں انہیں سراہا ہے۔

بلال بن ثاقب کو 2023 میں برطانوی وزیراعظم کی جانب سے پوائنٹس آف لائٹ ایوارڈ بھی دیا گیا، جو ملک میں تبدیلی لانے والے لوگوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے، اس کے علاوہ انہوں نے نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے لیے ان کی خدمات پر ایم بی ای (ممبر آف دی برٹش ایمپائر) کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔

اہم عہدے پر تعینات ہونے کے بعد بلال بن ثاقب ملکی مالیاتی نظام میں کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجیز کے انضمام کے لیے اپنے وسیع علم اور تجربے کو بروئے کار لائیں گے، ان کا مقصد ایک مضبوط اور عالمی معیار کے مطابق ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

اس کے علاوہ وہ وزارت خزانہ کو حکومت کی کارکردگی کو بڑھانے، فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر بنانے اور عوامی شعبے کی آپریشنز میں جدت کو فروغ دینے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر مشارتی خدمات بھی فراہم کریں گے۔

بلال بن ثاقب کی تعیناتی پاکستان کے کرپٹو کرنسی کے شعبے میں ایک اہم قدم ہے جس سے نہ صرف مالی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ اس سے کرپٹو کرنسی کے اثرات کا جائزہ لے کر ملکی معیشت پر اس کے ممکنہ اثرات کو بھی بہتر طریقے سے سمجھا جا سکے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بلال بن ثاقب کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وسیع مہارت اور جدید خیالات پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔

بلال بن ثاقب کی تعیناتی ہمارے عزم کا عکاس ہے کہ ہم نہ صرف ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنانا چاہتے ہیں بلکہ سا تھ ہی ایک محفوظ اور شفاف مالی نظام کی تشکیل کے لیے پر عزم ہیں، ہمیں یقین ہے پاکستان کے کرپٹو سیکٹر کے لیے ایک مضبوط اور موثر ریگولیٹری فریم ورک کے قیام میں وہ کلیدی کرداراداکریں گے۔

بلال بن ثاقب نے اپنی تعیناتی پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ کرپٹو کرنسی اور بلاک چین خاص طور پر نوجوانوں کے لیے، جو ہمارے ملک کے ڈیجیٹل مستقبل کے محرک ہیں بے پناہ صلاحیت کی حامل ٹیکنالوجیز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درست حکمت عملی اور ریگولیٹری فریم ورک کے ساتھ، ہم اپنے ملک کے نوجوانوں کو نہ صرف بااختیار بنا سکتے ہیں بلکہ معاشی ترقی کو فروغ دے کر پاکستان کو اس شعبے میں عالمی رہنما بنا سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025