کراچی: غیرت کے نام پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا
کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب ایک شخص نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔
سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ناردرن بائی پاس کے قریب شہباز گوٹھ میں 40 سالہ پری کو مبینہ طور پر اس کے شوہر غلام علی بگٹی نے اپنے گھر میں گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ بظاہر یہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ملک بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات عام ہیں، دسمبر 2023 میں، ایشیائی ترقیاتی بینک کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں گھریلو تشدد ایک خاموش وبا کے طور پر ابھر رہا ہے، جو معاشرے اور ریاست کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔
پولیس کے مطابق اس ہفتے کے اوائل می قمبر شہدادکوٹ میں مبینہ طور پر ایک حاضر سروس پولیس افسر نے اپنی منگیتر کو، جو ایک اسکول میں ٹیچر تھی، شادی سے انکار کرنے پر قتل کر دیا۔
پولیس نے اتوار کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے ایک حاملہ خاتون کو اس کے شوہر نے گھریلو تنازع پر قتل کر دیا۔
مارچ میں، خلع کی خواہاں ایک خاتون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے ملیر کی عدالت کے احاطے کے باہر قتل کر دیا، ایک اور واقعے میں، نرسری کے علاقے میں ایک مقامی ہوٹل کے اندر ایک خاتون کو مبینہ طور پر اس کے سابق شوہر نے چاقو کے وار سے قتل کر دیا۔
پائیدار سماجی ترقیاتی تنظیم کی جانب سے جاری کردہ ’میپنگ جینڈر بیسڈ وائلنس (GBV) 2024‘ رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد کے لیے سزا کی شرح انتہائی کم تھی۔
گذشتہ برس پنجاب میں گھریلو تشدد کے 1167 کیسز تھے، جن میں صرف تین میں سزا ہوئی ، جبکہ خیبر پختونخوا میں گھریلو تشدد کے 446 کیسز میں سے کسی میں کوئی سزا نہیں دی گئی۔
سندھ میں گھریلو تشدد کے 375 کیسز رجسٹرڈ ہوئے، لیکن کسی ملزم کو سزا نہیں دی گئی۔
بلوچستان میں اس زمرے کے لیے تمام صوبوں میں سب سے زیادہ سزا کی تعداد تھی، جہاں 160 کیسز میں سے 25 ملزمان کو سزا ہوئی ۔