وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر نے معائنے کے بعد صدر ٹرمپ کی صحت ’بہترین‘ قرار دے دی

شائع April 14, 2025
ٹرمپ کے سابق معالج بورنسٹائن نے ’سی این این‘ کو بتایا تھا کہ ٹرمپ نے خود اپنی صحت پر رپورٹ کو ڈکٹیٹ کیا تھا
—فوٹو: اے یف پی
ٹرمپ کے سابق معالج بورنسٹائن نے ’سی این این‘ کو بتایا تھا کہ ٹرمپ نے خود اپنی صحت پر رپورٹ کو ڈکٹیٹ کیا تھا —فوٹو: اے یف پی

وائٹ ہاؤس کے ایک ڈاکٹر نے امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے سالانہ طبی معائنے کے بعد کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت ’بہترین‘ ہے۔

ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق 78 سالہ ری پبلکن ٹرمپ دوسری بار مدت صدارت کے آغاز کے بعد سے بار بار اپنی طاقت کا دعویٰ کرتے رہے ہیں، جب کہ انہوں نے اپنے 82 سالہ ڈیموکریٹک پیشرو جو بائیڈن کا مذاق اڑاتے ہوئے انہیں کمزور اور ذہنی طور پر عہدے کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔

صدر کے معالج کی جانب سے لکھا گیا خط، جسے وائٹ ہاؤس نے جاری کیا ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ بہترین ذہنی اور جسمانی صحت کا مظاہرہ کرتے ہیں، کمانڈر ان چیف اور سربراہ مملکت کے فرائض کی انجام دہی کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں۔

رپورٹ میں کچھ خرابیوں کا ذکر کیا گیا ہے جن میں سورج کی روشنی سے ٹرمپ کی جلد کو معمولی نقصان پہنچنے کا کہا گیا ہے، اور ساتھ ہی گزشتہ جولائی میں قاتلانہ حملے کی کوشش کے دوران گولی لگنے سے ان کے دائیں کان پر زخم کا بھی بتایا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کولونواسکوپی سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ٹرمپ کو کولون میں چھوٹی تھیلیاں ہیں، 3 سال میں فالو اپ ٹیسٹ کی سفارش کی گئی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ 4 دوائیں لے رہے ہیں، کولیسٹرول کنٹرول کے لیے 2، دل کی صحت کے لیے اسپرین اور جلد کی ایک کریم استعمال کرتے ہیں۔

رپورٹ میں مجموعی طور پر ٹرمپ کی صحت کی تعریف کی گئی، ان کے ’فعال طرز زندگی‘ کی تعریف کی گئی اور گالف مقابلوں میں ان کی مسلسل کامیابیوں کا حوالہ دیا گیا۔

تاہم، وہ فاسٹ فوڈ کھانے کے لیے جانے جاتے ہیں اور مشہور طور پر اچھی طرح سے تیار کردہ اسٹیک سے لطف اندوز ہوتے ہیں، اگرچہ وہ اپنے پہلے دور کے مقابلے میں نمایاں طور پر پتلے نظر آتے ہیں۔

تازہ ترین رپورٹ میں ان کا موجودہ وزن 224 پاؤنڈ (101.6 کلوگرام) بتایا گیا ہے، جو 2019 کے 243 پاؤنڈ وزن سے کم ہے، ٹرمپ نے کہا تھا کہ واشنگٹن کے مضافات میں والٹر ریڈ ملٹری ہسپتال میں اپنے معائنے کے بعد وہ ’بہت اچھا‘ محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے ایئرفورس ون میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’میں نے ایک صحت کی جانچ کا ٹیسٹ لیا، میں نہیں جانتا کہ آپ کو کیا بتاؤں لیکن میں نے ہر جواب صحیح دیا۔‘

غیر معمولی صحت کے دعوے

ٹرمپ پر الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ امریکا کے کمانڈر انچیف کی بہتر صحت کے حوالے سے گہری دلچسپی کے باوجود اپنی صحت کے بارے میں کھل کر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ صدارتی معالج شان باربابیلا جسمانی صحت کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے اور ’یقینا‘ وہ مکمل رپورٹ فراہم کریں گے۔

لیکن ٹرمپ کے ذاتی اور وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹروں نے کئی بار ان کی صحت کے بارے میں مضحکہ خیز دعوے کیے ہیں۔

سنہ 2015 میں ٹرمپ کے پہلے صدارتی انتخاب کے دوران ان کے ڈاکٹر ہیرالڈ بورنسٹائن نے ایک خط جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’واضح طور پر وہ صدر کے لیے منتخب ہونے والے سب سے صحت مند شخص ہوں گے۔‘

بورنسٹائن نے بعد میں ’سی این این‘ کو بتایا کہ ٹرمپ نے خود اس پورے خط کو ڈکٹیٹ کیا تھا، میں نے یہ خط نہیں لکھا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025