’ہم سب برابر ہیں‘ ادا شرما کا پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں کام پر رد عمل

شائع April 16, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

’دی کیرالہ اسٹوری‘ جیسی متنازع اور مسلم مخالف فلم میں کام کرنے والی بھارتی اداکارہ ادا شرما نے پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم سب برابر ہیں اور وہ تمام اداکاروں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتی ہیں‘۔

ادا شرما نے 2005 میں ماڈلنگ اور ٹی وی اداکاری سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 1920 نامی ہندی فلم سے بولی وڈ ڈیبیو کیا تھا اور پہلی فلم پر انہیں ایوارڈ ملا تھا۔

ادا شرما اب تک دو درجن کے قریب فلموں میں کام کر چکی ہیں، وہ ہندی کے علاوہ تامل اور تیلگو فلموں میں بھی دکھائی دیتی ہیں جب کہ وہ متعدد ڈراموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے ممبئی میں ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں ایک صحافی نے ان سے پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں کام کرنے سے متعلق سوال کیا۔

ادا شرما سے پوچھا گیا کہ کئی سال تک پاکستانی اداکار بھارت میں کام نہیں کر رہے تھے لیکن اب آہستہ آہستہ چیزیں بہتر ہو رہی ہیں اور پاکستانی اداکار انڈیا میں کام کرنے لگے ہیں، اس پر ان کی کیا رائے ہے؟

اداکارہ نے اس پر کہا کہ اب وہ دنیا بھر میں سب کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی، وہ فلموں میں کام کرنے کے دوران کبھی یہ سوال نہیں کرتیں کہ ان کے ساتھ کام کرنے والا اداکار کون ہے کون نہیں؟

ادا شرما نے پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں کام کرنے کی واضح حمایت کیے بغیر کہا کہ ’ہم سب برابر ہیں، اور ان کی پرورش ایسے ہوئی ہے کہ وہ اس میں نہیں پڑتیں کہ ان کے ساتھ کام کرنے والا کون سا اداکار، کہاں سے تعلق رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے لیے اداکار نہیں بلکہ اسکرپٹ اور ہدایت کار کی اہمیت ہوتی ہے، وہ یہ دیکھتی ہیں کہ کہانی کیا ہے اور ہدایتکار کون ہے؟ اور ان کا یقین ہے کہ یہی سب کچھ اہمیت رکھتا ہے۔

ادا شرما کا کہنا تھا کہ ساتھی اداکار کون ہے، انہیں ایک اداکار کے طور پر اس معاملے میں نہیں پڑنا چاہیے، یہ پروڈیوسر و ہدایت کار کا کام ہے اور اگر اداکار اس معاملے میں پڑے گا تو الجھ جائے گا۔

اداکارہ نے واضح طور پر پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں کام کرنے کی حمایت یا مخالفت نہیں کی، تاہم انہوں نے مبہم انداز میں پاکستانی اداکاروں کے انڈیا میں کام کرنے کو انڈسٹری کے لیے اچھا قرار دیا۔

ان سے قبل سشمیتا سین، سنی دیول اور امیشا پٹیل جیسی شوبز شخصیات بھی پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر بات کر چکے ہیں اور انہوں نے بھی مبہم انداز میں پاکستانی اداکاروں کی حمایت کی۔

سشمیتا سین نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ تخلیقی کام کے لیے سرحد کی قید نہیں ہوتی اور نہ قید ہونی چاہیے۔

ان سے قبل سنی دیول نے کہا تھا کہ وہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے کے معاملے پر سیاست کی طرفداری نہیں کریں گے، سیاست سے ہی تمام چیزوں میں خرابی ہوتی ہے،انہیں پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔

بھارتی شوبز شخصیات کی جانب سے پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں کام کرنے سے متعلق بیانات ایک ایسے وقت میں آ رہے ہیں جب کہ فواد خان جلد ہی بھارتی فلم میں نطر آئیں گے۔

فواد خان تقریبا ایک دہائی بعد جلد ہی بولی وڈ فلم ’ابیر گلال‘ میں وانی کپور کے ساتھ نظر آئیں گے۔

فواد خان اور وانی کپور کی فلم ’ابیر گلال‘ آئندہ ماہ مئی میں ریلیز ہوگی جب کہ ہندو انتہاپسند جماعتوں نے پاکستانی اداکار کی بھارتی فلم کو انڈیا میں ریلیز کرنے پر شدید احتجاج کی دھمکیاں دے رکھی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025