ایرانی وزیر خارجہ کی 8 پاکستانیوں کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے تعاون کی یقین دہانی

شائع April 16, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے صوبے سیستان میں 8 پاکستانیوں کے قتل پر تعزیت کا اظہار کیا اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

اعلامیے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے سیستان میں 8 پاکستانیوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ 12 اپریل کو ایران کے مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں ایک مسلح حملے میں کم از کم 8 پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور سے تعلق رکھنے والے ان افراد کو مبینہ طور پر 12 اپریل کو ایران کے ضلع مہرستان میں ایک ورکشاپ میں نامعلوم مسلح افراد نے ہاتھ پاؤں باندھ کر گولی مار کر قتل کر دیا تھا، وہ تقریباً 5 سال سے اس علاقے میں موٹر مکینک کے طور پر کام کر رہے تھے۔

مرنے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور کے چھوٹے قصبوں سے تھا۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025