شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں، جن کا احترام ہر پاکستانی کیلئے مقدس ہے، آرمی چیف

شائع April 17, 2025
تقریب میں اعلیٰ فوجی حکام اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی
—فوٹو: آئی ایس پی آر
تقریب میں اعلیٰ فوجی حکام اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی —فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا ہے، شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

ڈان نیوز کے مطابق انٹرسروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے تقریب سے خطاب میں واضح کیا کہ شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں، جن کا احترام ہر پاکستانی کے لیے مقدس ہے، آج کا امن اور آزادی شہدا کی قربانیوں کے مرہون منت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور قوم کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازا۔

تقریب میں اعلیٰ فوجی حکام اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، فوجی جوانوں کو میدان جنگ میں جرات و بہادری پر ستارہ امتیاز(ملٹری) اور تمغہ بسالت دیے گئے۔

شہدا کے میڈلز ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

آرمی چیف نے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں، شہدا کی عزت اور احترام ہم سب پر امانت ہے، ملک و قوم کا امن و استحکام شہدا کی قربانیوں کا ثمر ہے۔

آرمی چیف نےشہدا کے اہل خانہ کے عزم و حوصلے کی بھی تعریف کی، جنرل عاصم منیر نے شہدا کے اہل خانہ کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔

تقریب میں آرمی چیف نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کو سراہا، آرمی چیف نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا۔

کراچی، لاہور، پشاور میں بھی تقاریب

کراچی، لاہور اور پشاور کے کور ہیڈ کوارٹرز میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو ان کی بہادری اور شاندار خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازنے کی تقاریب منعقد ہوئیں۔

ان تقاریب میں پاک فوج کے اعلیٰ افسروں اور اعزازات حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے شاندار خدمات پر 10 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری)، 4 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) اور 16 سپاہیوں کو تمغہ بسالت سے نوازا۔

کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ، ہلال امتیاز (ملٹری) نے اعزازات تقسیم کیے، 3 جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور 24 سپاہیوں کو مادر وطن کے لیے ان کی عظیم قربانیوں پر تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔

28 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 72 افسران کو شاندار خدمات پر تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا، شہدا کے قریبی رشتہ داروں نے ان کے ایوارڈز بعد از مرگ وصول کیے۔

پشاور میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے اعزازات تقسیم کیے، 2 شہید جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور 47 سپاہیوں کے رشتہ داروں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔

شاندار خدمات سرانجام دینے پر 4 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 11 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

تینوں تقریبات میں شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا اور قومی دفاع اور سلامتی کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025