اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی وزیر لارڈ واجد خان کی ملاقات

شائع April 17, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی وزیر لارڈ واجد خان نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر باہمی تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی تبادلوں سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مذاہب، کمیونٹیز اور آبادکاری لارڈ واجد خان نے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لارڈ واجد خان کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو سراہا۔

شہباز شریف نے کنگ چارلس سوم اور برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیراعظم نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی تبادلوں سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو فروغ دینے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں لارڈ واجد خان کی کوششوں کو سراہا، لارڈ واجد خان نے وزیراعظم کو پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے سے متعلق اپنی حالیہ سرگرمیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔

برطانوی وزیر کی وزیرداخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات

دریں اثنا، برطانوی وزیر برائے بذاہب، کمیونیٹیز و آبادکاری لارڈ واجد خان نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات سمیت دو طرفہ امور، انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی اور کراس بارڈر جرائم کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

برطانوی وزیر لارڈ واجد خان نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت اور شہدا کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کی قدر کرتے ہیں۔

—تصویر: ڈان نیوز
—تصویر: ڈان نیوز

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیاں اقوام عالم کے لیے مثال ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جس کے ہر طبقے نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، اقوام عالم اس جنگ میں بلا تاخیر پاکستان کا ساتھ دے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیاں اقوام عالم کے لیے مثال ہیں، اقوام عالم اس جنگ میں بلا تاخیر پاکستان کا ساتھ دے اور اس ضمن میں برطانیہ کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی ملک واپسی کا سلسلہ احسن طریقے سے جاری ہے، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو عزت کے ساتھ واپس ان کے وطن بھجوایا جارہا ہے، قانونی دستاویزات کے حامل غیر ملکی شہری کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی۔

اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔

لارڈ واجد خان نے افغان مہاجرین کی برطانیہ منتقلی میں سہولت فراہم کرنے پر وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ کے وزیر برائے فیتھ اینڈ کمیونیٹیز لارڈ واجد خان نے ملاقات کی۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025