پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے، وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول ساز گار ہے جب کہ جدید ٹیکنالوجی سے معاشی بہتری اور روز گار کے زیادہ مواقع حاصل ہوسکتے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق ایکسپو سینٹر میں ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دوست ممالک کو کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سر مایہ کاری کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، پاکستان ترقی و خوشحالی کی را ہ پر گامزن ہے، جدید ٹیکنالوجی سے معاشی بہتری اور روز گار کے زیادہ مواقع حاصل ہو سکتے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت اندرونی و بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے کوشاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بالخصوص معدنیات کے شعبے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے لیے تمام مذکورہ ممالک کو دعوت دیتے ہیں،کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے ، ہمارے نوجوان ذہین ، قابل اور بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، نوجوان خود کو جدید تکنیک اورپیشہ وارانہ تربیت سے آراستہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی دن رات محنت اور مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے ان پروڈکشنز سے چھٹکارا حاصل کرلیا ہے جو مصنوعات ہمیں بیرونی ممالک سے در آمد کرنی پڑتی تھیں، کان کنی اور دیگر معدنیات میں پاکستان مالا مال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جدت ، تحقیق اور ترقی کی طرف جانا ہے اور عصر حاضر کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کر کے پاکستان ان شعبوں میں اپنے مطلوبہ معاشی اہداف با آ سانی حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے، پالیسی ریٹ ساڑھے 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آگیا ہے، اسٹاک مارکیٹ روزانہ کی بنیاد پر کامیابی کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔
مزید کہا کہ حکومت نے حال ہی میں بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے جس کا مقصد ہر صنعت کی پیداواری لاگت اور بنیادی اشیا ضرور یہ کی قیمتوں میں کمی لانا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم مشترکہ منصوبوں سے سب کو خوشحالی و ترقی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں، دنیا نے زراعت میں ترقی کرکے آگے نکل گئی ہے لیکن ہم اپنا وقت ضائع کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ تجارت سمیت متعلقہ محکموں کو شاندار ایونٹ پر مبارکباد دیتا ہوں، وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز اور وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ بہت اچھا کام کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہی موقع ہے کہ پاکستان تمام ممالک کو ملک میں بلا خوف و خطر سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیاں کے آ غاز کی دعوت دیتا ہے ، انجینئرنگ، فارماسیوٹیکل، زرعی مشینری، سرجیکل آلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی ،ہمارے پاس نہایت قابل اور نوجوان قیادت موجود ہے جس سے استفادہ کر کے ہم اپنی ملکی معیشت مستحکم کرسکتے ہیں۔
تقریب میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، چیف ایگزیکٹو (ٹڈاپ) فیض احمد، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، تاجر برادری، غیر ملکی مندوبین، تجارتی و اقتصادی ماہرین سمیت دیگر نے شرکت کی۔