گلگت: شدید بارش سے گھر کی دیوار گرگئی، دو کم عمربہنیں جاں بحق
گلگت کے نواحی گاؤں جگلوٹ میں شدید بارش سے گھر کی دیوار گرنے سے دو کم عمر سگی بہنیں جاں بحق ہو گئیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) گلگت ظہور احمد کے مطابق گلگت سے 40 کلومیٹر دور تحصیل جگلوٹ گاؤں پیدن داس میں شدید بارش کے دوران گھر کی دیوار گر گئی، جس کی زد میں آکر 8 اور 9 سال کی دو بہنیں شدید زخمی ہو گئیں، جو بعد ازاں چل بسیں۔
ڈپٹی کمشنر گلگت کے مطابق دونوں زخمی بہنوں کو شہید سیف الرحمٰن ہسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر دونوں جانبر نہ ہو سکیں۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق استور کے بالائی علاقوں میں 2 انچ تک برف باری ہوئی ہے جس سے متعدد گاؤں کے باہمی رابطے منقطع ہو گئے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی گلگت بلتستان کے مطابق کوہستان میں 6 مقامات پر شاہراہ قراقرم جزوی طور بند ہو گئی جبکہ شاہراہ بلتستان تریکو اور شاٹوٹ کے مقام پر بھاری لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہو گئی جس سے بلتستان کے چار اضلاع کا گلگت سے زمینی رابطے منقطع ہو گئے ہیں تاہم بحالی پر کام شروع کر دیا ہے۔