پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی کی پہلی فتح، ملتان سلطانز کی مسلسل تیسری شکست
پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 15.5 اوورز میں 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ملتان سلطانز بیٹنگ
ملتان سلطانز کو پہلا دھچکا کپتان محمد رضوان کی صورت میں لگا جو 15 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، دوسرے اوپنر شائے ہوپ بھی 20 رنز ہی بناسکے۔
عثمان خان نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن ان کی ہمت بھی 44 رنز پر جواب دے گئی، کامران غلام 6، مائیکل بریسویل 3، ایشٹن ٹرنر صفر، افتخار احمد 2، اسامہ میر ایک رن ہی بناسکے۔
پشاور زلمی کی جانب سے نوجوان فاسٹ باؤلر علی رضا 4، عارف یعقوب 3، مچل اوون 2 اور صائم ایوب نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی بیٹنگ
اس سے قبل، پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔
پی ایس ایل 10 کے اپنے ابتدائی دونوں میچز کارکردگی نہ دکھانے والے پشاور زلمی کے بلے باز اس میچ میں جارحانہ موڈ میں دکھائی دیے۔
صرف 5 رنز پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے باوجود محمد حارث اور ٹام کوہلر کیڈ مور نے جارحانہ کھیل پیش کیا، محمد حارث 21 گیندوں پر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد حسین طلعت نے بھی 29 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹام کوہلر کوڈ مور نے رواں سیزن میں اپنی پہلی نصف سینچری مکمل کی، وہ 30 گیندوں پر 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ مچل اوون نے بھی 15 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
پی ایس ایل 10 میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عبدالصمد نے 14 گیندوں پر 40 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ویلے ، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور زلمی نے 3 تبدیلیاں کرتے ہوئے عبدالصمد، لک ووڈ اور عارف یعقوب کو اسکواڈ میں شامل کیا جب کہ ملتان سلطانز نے دو تبدیلیاں کی ہیں عاقف جاوید اور ایشٹن ٹرنر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز اب تک کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی ہیں، دونوں ٹیموں نے 2،2 میچز کھیلے اور دونوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاور زلمی کو پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 80 رنز سے شکست دی جب کہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 102 رنز کے بڑے مارجن سے ہرایا۔
اسی طرح، ملتان سلطانز کو اپنے پہلے میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں 4 وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 47 رنز سے شکست دی۔














لائیو ٹی وی