ایسٹر سے قبل سری لنکا کے ایک چرچ پر مسلح شخص کی فائرنگ
پولیس کے مطابق ایسٹر کی تقریبات سے قبل سری لنکا کے ایک چرچ پر ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر دی۔
واضح رہے کہ 6 سال قبل ایسٹر کے موقع پر بم دھماکوں میں سیکڑوں افراد ہلاک ہو گئے تھے، اس کے بعد سے ملک ہائی الرٹ پر ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مسلح شخص نے دارالحکومت کولمبو سے 160 کلومیٹر شمال مشرق میں منامپیتیا کے ایک چرچ میں فائرنگ کی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے کھڑکیوں کو نقصان پہنچا، تاہم کوئی بھی زخمی نہیں ہوا، جبکہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ مشتبہ شخص نے پادری کے ساتھ ذاتی دشمنی کی وجہ سے چرچ کو نشانہ بنایا۔
ایسٹر کی تقریبات کے دوران ملک بھر میں تقریباً تمام گرجا گھروں میں مسلح پولیس اور فوجیوں کو تعینات کیا گیا، 2019 کے حملے کے پیش نظر سیکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 21 اپریل 2019 کو سری لنکا میں ایسٹر کی تقریبات کے موقع پر گرجا گھروں اور ہوٹلز میں 8 بم دھماکوں کے نتیجے میں 290 افراد ہلاک اور 500 زخمی ہوگئے تھے۔
خبررساں اداروں کے مطابق سری لنکا کے 4 ہوٹلوں اور 3 مسیحی عبادت گاہوں پر 8 دھماکے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق دارالحکومت کے ایک چرچ اور متعدد ہوٹلز میں دھماکے ہوئے تھے جبکہ کولمبو کے مضافات میں قائم 2 مسیحی عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
دہشت گردوں کے حملوں کا نشانہ کولمبو میں قائم چرچ ’سینٹ انتھونی شرائن‘، نیگومبو کا ’سینٹ سیبسٹیرین چرچ‘ اور باتیکالوا میں قائم ’زیون چرچ‘ تھے۔