وزیرخارجہ کا افغان ہم منصب سے رابطہ، امیر متقی نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے افغان ہم منصب سے رابطہ کرکے مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا، اور دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے افغان وزیرخارجہ نے قبول کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیرخارجہ و نائب وزیراعظم سینیٹر اسحٰق ڈار نے افغان ہم منصب امیر خان متقی سے رابطہ کرکے دورہ کابل کے دوران شاندار مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحٰق ڈار نے افغان وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔
واضح رہے کہ وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے وفد کے ہمراہ 19 اپریل کو افغانستان کا ایک روزہ دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے افغان وزیراعظم و ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں کی تھیں۔
افغان وزیرخارجہ سے ملاقت میں مشترکہ امن و ترقی کا عہد کیا گیا جب کہ ملاقات کے دوران دو طرفہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت کو مثبت ماحول میں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
افغان وزیر خارجہ سے ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تاریخی رشتوں کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دو طرفہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت کو مثبت ماحول میں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا، اسحٰق ڈار نے افغان ہم منصب پر واضح کردیا کہ پاکستان اپنے برادر ملک افغانستان میں خوشحالی کا خواہاں ہے۔
نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے سلامتی، تجارت، ٹرانزٹ تعاون اور عوامی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اسحٰق ڈار نے افغانستان کے ڈپٹی وزیراعظم ملا عبدالسلام سے بھی ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے امن و سلامتی اور عوامی سطح پر روابط کو استوار کرنے پر تبادلہ خیال کیا جب کہ ملاقات میں دوطرفہ تجارت، ٹرانزٹ اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔