راولپنڈی: کھیلتے ہوئے لاپتا ہونیوالی 7 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل، مقدمہ درج
راولپنڈی کے علاقے مندرہ میں واقع گھر سے گزشتہ رات لاپتا ہونے والی 7 سالہ بچی کی شفق کی لاش مل گئی، بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ کمسن بچی شفق گزشتہ رات کھیلتے ہوئے اچانک لاپتا ہوگئی تھی، بچی کی لاش علاقے میں زیر تعمیر ایک گھر سے ملی۔
پولیس کے مطابق بچی کی لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال (ٹی ایچ کیو ) ہسپتال گوجر خان منتقل کر دیا گیا تھا، تھانہ مندرہ پولیس نے زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی مقتولہ بچی کا مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمہ 7 سالہ شفق کے والد نعمان مسیح کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں اغوا، زیادتی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے متن کے مطابق ایسٹر کے موقع پر گھر میں تقریب کے سلسلے میں مہمان آئے ہوئے تھے، بچی گھر سے 3 بجے باہر کھیلنے نکلی، مگر شام تک واپس نہ آئی، رات کو 7 مرلہ اسکیم میں زیر تعمیر مکان پر پہنچا تو اسٹور نما کمرے کے پاس مردہ حالت میں بچی ملی ۔
مقتولہ شفق کے چہرے اور گردن پر تشدد کے نشانات تھے، جب کہ ٹراؤزر بھی اترا ہوا تھا، کسی نامعلوم شخص یا اشخاص نے بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کر دیا ہے۔