پاکستان اور روانڈا کے درمیان باہمی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور روانڈا کے درمیان باہمی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق ہوگیا، روانڈا کے سفارتی عملے کی تربیت کے لیے پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے روانڈا کے ہم منصب کا دفتر خارجہ آمد پر پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان روانڈا کی مصنوعات کے لیے پُرکشش منڈی ہے، اس سلسلے میں روانڈا کی ترقی کرتی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، چاول سمیت دیگرمصنوعات کی برآمد میں عالمی پہچان رکھتا ہے، پاکستان روانڈا کی ترقی کرتی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، مختلف شعبوں میں پاکستان اور روانڈا کے درمیان مضبوط تعاون قائم ہے۔
مہمان وزیرخارجہ نے پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کایہ میرا پہلا دورہ ہے، اسحٰق ڈار سے مفید بات چیت ہوئی، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کے لیے پرعزم ہیں، اس سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔