پنجاب کے کسانوں کی بات کرنے والے بتائیں حکومت سندھ نے اب تک کیا کیا؟ عظمیٰ بخاری
وزیراطلاعات ونشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے کسانوں پر بات کرنے والے یہ تو بتائیں کہ حکومت سندھ نے اب تک کیا کیا، کیا صوبائی حکومت نے گندم کی خریداری شروع کردی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ اور پنجاب پانی کے بعد کسانوں کے معاملے پر آمنے سامنے آگئے، صوبائی وزیر اطلاعات نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران الزام عائد کیا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کسانوں کے معاملے پر تڑکا لگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل پنجاب جلوسوں دھرنوں اور نعروں کا گڑھ ہے، ہر سیزن میں کوئی نہ کوئی نکلتا ہے، کوئی کسانوں کا مسیحا بن جاتا ہے لیکن یہ کسی نہ کسی مافیا سے جڑے ہوتے ہیں جب کہ ان میں سے کچھ سیاسی پارٹیوں سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے جذبات کو ابھارنا پنجاب میں حالات کو خراب کرنا ایک روٹین ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کی قیادت کے خلاف تلخ جملے استعمال کیے لیکن میں کوئی بھی سوال پوچھ لوں تو توہین ہوجاتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کسانوں کے حوالے سے پنجاب کی پالیسی بلاول بھٹو کے پاس نہیں پہنچی، انہیں پنجاب کے کسان کا خیال آیا لیکن سندھ کے کسان کی کسی نے بات نہیں کی کیا سندھ میں گندم کا ریٹ سامنے آیا سندھ میں کیا کسان کارڈ دیا گیا؟
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کسانوں کی بات کرنے والے یہ تو بتائیں انہوں نے اپنے صوبے کے کسانوں کو کیا ریلیف دیا ہے، پنجاب کے کسانوں کے کندھے پر سر رکھ کر سیاست کرنے والے بلاول بھٹو خود تو کچھ کرکے دکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسانوں کے لیے 100 ارب روپے سے زائدکے پیکج کا اعلان کیا ، سب سے زیادہ گندم کاشت کرنے والے کسان کو 45 لاکھ روپے کا ٹریکٹر دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پالیسی کے تحت حکومت نے گندم نہیں خریدی تو کسانوں کو لاوارث بھی نہیں چھوڑا ہے، حکومت نے خریداری نہیں کی نجی طبقے کو کہا گیا ہے کہ وہ گندم کی خریداری کرے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل، حیدر آباد میں جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ( ن) پر نتقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلم لیگ ( ن) کی ہر پالیسی کسان دشمن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے انہوں نے گندم اسکینڈل کی وجہ سے ہمارے کسانوں اور ہاریوں کے معاشی قتل کا بندوبست کیا، اور پھر امدادی قیمت دینے کے بجائے چاروں صوبوں کو کسانوں کو امدادی قیمت دینے اور گندم خریدنے سے روک دیا، یہ سراسر ظلم ہے۔