کراچی میں بھاری ٹریفک سے ایک اور حادثہ، واٹر ٹینکر نے نوجوان کو کچل دیا

شائع April 21, 2025 اپ ڈیٹ April 22, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واٹر ٹینکر نے ایک نوجوان کو کچل دیا، جس کے سبب وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں بھاری گاڑیوں سے حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ہسپتال ریکارڈز کے مطابق 2024 میں کراچی میں ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز سمیت بھاری گاڑیوں سے پیش آنے والے حادثات میں تقریباً 500 افراد جاں بحق اور 4 ہزار 879 زخمی ہوئے۔

گلشن اقبال کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) احمد اقبال میمن نے ڈان کو بتایا کہ ڈرائیور نے بلاک 6 میں ٹینکر کو ریورس کوتے ہوئے 17 سالہ کریم اللہ نامی شخص کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ صبح 5 بجے پیش آیا جبکہ ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر فرار ہو گیا، جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔

ادھر، ایک علیحدہ واقعے میں کورنگی میں صبح سویرے پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔

زمان ٹاؤن تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) غلام نبی آفریدی نے ڈان کو بتایا کہ دونوں بھائی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے، جو تیز رفتاری کی وجہ بے قابو ہوگئی اور ناصر جمپ کے قریب فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں بھائیوں کو شدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پولیس نے 17 سالہ فہد کی موت کی تصدیق کردی، جبکہ 20 سالہ عبدالرؤف کو علاج کے لیے داخل کر لیا۔

ایس ایچ او نے مزید کہا کہ اہل خانہ کے مطابق وہ کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔

تیسرا واقعہ، شاہ فیصل کالونی میں علی الصبح پیش آیا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

شاہ فیصل کالونی تھانے کے قائم مقام ایس ایچ او عبدالغنی نے بتایا کہ 18 سالہ اطہر علی موٹر سائیکل چلا رہا تھا کہ داتا ریسٹورنٹ کے قریب ایک حادثے میں زخمی ہوگیا۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ نوجوان کو نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

قائم مقام ایس ایچ او عبدالغنی کا کہنا تھا کہ یہ یقینی طور پر ایک حادثہ تھا، تاہم پتا لگا رہے ہیں کہ آیا کسی گاڑی نے اسے ٹکر ماری تھی یا نہیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں حادثات پر قابو پانے کے لیے صوبائی حکومت کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں شہری انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے شہر میں دن کے اوقات میں ہیوی گاڑیوں پر عائد مکمل پابندی میں مزید 2 ماہ کی توسیع کردی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025