ریکوڈک منصوبے کے فوائد مقامی آبادی تک پہنچنے چاہئیں، وفاقی وزیر خزانہ

شائع April 21, 2025
— فوٹو: طاہر شیرانی
— فوٹو: طاہر شیرانی

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کے فوائد مقامی آبادی تک پہنچنے چاہئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق واشنگٹن میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی بینک گروپ، آئی ایم ایف کے موسم بہار کے اجلاس کے موقع پر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی ریجنل وائس پریزیڈنٹ ہیلا شیخ روحو اور اُن کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کی۔

ملاقات میں نجی شعبے کی اصلاحات، توانائی کی منتقلی، مؤثر بلدیاتی مالیات اور مکمل روزگار جیسے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بات چیت کی گئی جب کہ ملاقات میں ڈیورسیفائیڈ پیمنٹ رائٹس (ڈی پی آر) پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ نے ریکوڈک تانبے اور سونے کی کان کے منصوبے کے لیے 2.5 ارب ڈالر کی قرض فنانسنگ میں آئی ایف سی کے قائدانہ کردار کو سراہا جب کہ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے کے فوائد مقامی آبادی تک بھی پہنچنے چاہیے۔

علاوہ ازیں، وزیر خزانہ نے عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف اسپرنگ اجلاس 2025 کے موقع پر ڈیلوئٹ ٹیم سے ملاقات کے دوران پاکستان کی مجموعی اقتصادی صورتحال، حکومت کے شعبہ جاتی ترقیاتی ایجنڈے اور برآمدات پر مبنی ترقیاتی ترجیحات سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران توانائی کے شعبے میں اصلاحات، قیمتی معدنیات کی تلاش و مارکیٹنگ، نجکاری، ٹیکنالوجی، کرپٹو پالیسی اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے نفاذ کے شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ورلڈ بینک گروپ، آئی ایم ایف کے موسم بہار 2025 کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025