لاہور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 5 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لاہور میں احتجاج اور پولیس پر تشدد کے مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے انتظامی جج منظر علی گل کی عدالت میں 5 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے لاہور میں احتجاج اور پولیس پر تشدد کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
پولیس نے موقف اپنایا کہ علی امین گنڈاپور سمیت دیگر ملزمان شامل تفتیش نہیں ہو رہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کی درخواست پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، حماد اظہر، سعید سندھو اور شہباز احمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
واضح رہے کہ لاہور کے تھانہ مستی گیٹ کی پولیس نے علی امین گنڈاپور سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔