نوشہرہ: مسجد کے لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر شہری کےخلاف پیکا کے تحت مقدمہ درج
نوشہرہ کے تھانہ اکوڑہ خٹک پولیس نے شہری کے خلاف مسجد کے لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال، اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کو دھمکیاں دینے پر دی پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق نوشہرہ پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاد علی عرف نامی منشیات فروش مسجد ابوبکر گاؤں سوڑیا خیل میں لاؤڈ اسپیکر پر اکوڑہ پولیس کو دھمکیاں دے رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم منشیات فروش ہے اور خود بھی آئس کے نشے کا عادی ہے، جرائم پیشہ اور ریکارڈ یافتہ ہے اور ضلع کے مختلف تھانوں میں اس کے خلاف مقدمات درج ہیں۔
ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 308 سال 2019، مقدمہ نمبر 426 سال 2022، مقدمہ نمبر 279 سال 2024 بجرم 302 ،34، مقدمہ نمبر 517 سال 2025، مقدمہ 521 سال 2025 بجرم دفعہ 21 ،04 ،3/4 لاؤڈ اسپیکر ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت درج ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیکر ٹھکانوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزم کی گرفتاری جلد متوقع ہے۔