خیبرپختونخوا: بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 خارجی دہشتگرد ہلاک، 4 زخمی

شائع April 25, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 6 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 4 کو زخمی کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 23 اور 24 اپریل کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دوران آپریشن فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دیگر خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ 21 اپریل کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے انتہائی مطلوب خارجی رنگ لیڈر ذبیح اللہ زکران سمیت 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا تھا کہ 20 اور 21 اپریل کی درمیانی شب صوبہ خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ آپریشن کیے، جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے تھے۔

اعلامیے کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں آپریشن کیا، دوران کارروائی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025