اسلام آباد: وزیرداخلہ محسن نقوی سے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد کی ملاقات
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں سرمایہ کاروں کے تحفظ اور سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کے لیے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کی تجاویز کو نوٹ کیا اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر طرح کی سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ملک ہے ،سرمایہ کاروں کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض شرپسندوں کے حملوں کا سخت نوٹس لیا ہے اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے حکمت عملی وضع کر لی ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہمارا دین اسلام امن و آتشی کا درس دیتا ہے، سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے، وفد نے مسائل کے حل کے لیے یقین دہانی پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔