وزیراعظم کی نواز شریف سے ملاقات، پہلگام واقعہ پری پلان ڈرامہ قرار
وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کو پری پلان ڈرامہ قرار دیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بھائی اور پارٹی صدر نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا لاہور میں ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے انہیں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے نواز شریف کو پہلگام واقعے کے پس منظر میں بھارت کی جانب سے اشتعال انگیز کاروائیوں پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کردیا کہ پہلگام واقعہ پری پلان ڈرامہ ہے، پڑوسی ملک ماضی میں بھی اس طرح کے مختلف ڈرامے کرچکا ہے جب کہ ملک کا مستقبل روشن ہے اور ہم جاگ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے فیصلے جنگی حالات میں بھی نہیں کیے گئے، بھارت نے جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا اور پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
بعد ازاں، اگلے روز (24 اپریل) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔