حکومت سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ذمہ داری ’ہر قیمت پر‘ پوری کرے گی، محسن نقوی

شائع April 27, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ملک ہے اور حکومت ’انویسٹرز کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کرنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی‘۔

ڈان نیوز کے مطابق اگرچہ پاکستان نے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے اور مختلف منصوبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی دعوت دینے کی کوششیں کی ہیں لیکن بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال اکثر چیلنجز پیدا کرتی ہے جب کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران غیر ملکی شہریوں پر حملے بھی ہوئے ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے اتوار کو ایک پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ نے لاہور میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کی اور ان کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے اقدامات پر بات چیت کی۔

پریس ریلیز کے مطابق محسن نقوی نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد کو سنا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ ان کی سیکیورٹی کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا ’پاکستان ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لیے ایک محفوظ ملک ہے، سرمایہ کاروں کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم سرمایہ کاروں کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری ہر قیمت پر پوری کریں گے‘۔

پریس ریلیز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت نے سرمایہ کاروں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور اس دوران شرپسندوں کے خلاف ’سخت کارروائی‘ کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے جب کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حکمت عملی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

تاہم، وزارت داخلہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کسی مخصوص واقعے کا ذکر نہیں کیا گیا۔

اس سے قبل رواں ماہ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یقین دہانی کرائی تھی کہ فوج بلوچستان میں پاکستان کے شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط سیکیورٹی فریم ورک اور فعال اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

پاک فوج کے سربراہ نے یہ یقین دہانی پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کے دوران کروائی تھی، تقریب کا مقصد چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں معدنیات اور کان کنی کے مواقع کو فروغ دینا تھا۔

پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نیوز کے مطابق آرمی چیف نے کہا تھا ’مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان عالمی معدنی معیشت میں ایک رہنما کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج بین الاقوامی اداروں کو خوش آمدید کہتی ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنی مہارت کا تبادلہ کریں، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں اور ملک کے وسیع وسائل کی ترقی میں شراکت دار بنیں۔

گزشتہ سال نومبر میں کراچی ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے خودکش حملے میں دو چینی شہری جاں بحق اور 10 دیگر زخمی ہوگئے تھے، حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کی۔

علاوہ ازیں، اکتوبر میں بلوچستان کے ضلع دُکی میں ایک نجی کوئلہ کان پر مسلح افراد کے حملے میں کم از کم 20 کان کن جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے تھے۔

مارچ 2024 میں بشام میں چینی کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں 5 چینی شہری جاں بحق ہوئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق یہ حملہ یا تو تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) یا اسلامک اسٹیٹ خراسان (آئی ایس-کے) سے منسلک عناصر نے کیا تھا۔

اپریل 2024 میں کراچی میں ایک خودکش بمبار نے جاپانی شہریوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا، تاہم خوش قسمتی سے پانچوں جاپانی شہری محفوظ رہے۔

سال 2022 میں جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے باہر ایک خودکش حملے میں 3 چینی شہریوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025