مشترکہ مفادات کونسل میں نہروں کا مسئلہ حل نہ ہوا تو حکومت سے علیحدہ ہوجائیں گے، ناصر حسین
وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اگر مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) میں نہروں کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پیپلزپارٹی حکومت سے علیحدہ ہوجائیں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کا وفد ناصر حسین شاہ کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پہنچا، وفد میں وقار مہدی، سعید غنی سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔
پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار ، امین الحق سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں سینیٹ کی خالی نشست پر ہونے والے انتخاب سے ایم کیو ایم پاکستان سے دستبردار ہونے کی درخواست کی گئی۔
بعد ازاں، میڈیا سے گفتگو کے دوران فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو عوام کے لیے سیاست کرنی چاہیے، عوامی مسائل کےحل کے لیے بات چیت ضروری ہے جب کہ پیپلزپارٹی کی درخواست پر مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب، پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے نہروں کے تنازع پر حمایت کرنے پر شکر گزار ہیں، ایم کیو ایم نے سندھ کے اہم اور مشترکہ مسئلے کو سپورٹ کیا جو سب کامشترکہ مسئلہ بھی ہے۔
صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر سی سی آئی اجلاس میں نہروں کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پیپلزپارٹی حکومت سے علیحدہ ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ، صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے درمیان ہونے والا فیصلہ حتمی ہے۔
خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 15 فروری کو چولستان کے اس بڑے منصوبے کا افتتاح کیا تھا جس کا مقصد جنوبی پنجاب کی زمینوں کو سیراب کرنا تھا۔
تاہم، کئی ماہ سے جاری احتجاج، سندھ اسمبلی کی متفقہ قرارداد، اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر خدشات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کے بعد حکومت نے چولستان نہروں کے متنازع منصوبے کو فی الحال جاری نہ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) اجلاس میں فیصلہ ہونے تک کوئی نئی نہر نہیں بنے گی اور یہ طے کیا ہے کہ سی سی آئی اجلاس 2 مئی بروز جمعہ کو بلایا جائے گا۔
ایم کیو ایم کا پیپلزپارٹی کی حمایت سے انکار
دوسری جانب، ایم کیو ایم پاکستان نے پارٹی میں مشاورت کے بعد سینیٹ میں مرحوم تاج حیدر کی خالی نشست پر الیکشن کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی حمایت سے انکار کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے سینیٹ الیکشن میں امیدوار کھڑا کرنے کی بھی تیاری کرلی ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی نشست رہنما پیپلز پارٹی تاج حیدر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔