لاہور اور تونسہ میں 2 مبینہ پولیس مقابلوں میں 5 ڈاکو ہلاک

شائع April 28, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

لاہور اور ڈیرہ غازی خان میں 2 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 5 ڈاکو ہلاک ہوگئے، تونسہ میں میں مارے گئے 3 ڈاکو 2 پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور پولیس کے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) صدر اور بدنام زمانہ ڈاکوؤں کے درمیان شدیدفائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران سیکڑوں وارداتوں میں مطلوب ملزمان عابد اور ظفر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

سی سی ڈی کے مطابق پولیس حراست سے فرار ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے شہر میں ناکہ بندی کی گئی تھی کہ اس دوران ستوکتلہ کے علاقے میں ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

سی سی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے اور ہسپتال جاتے ہوئےدم توڑ گئے۔

سی سی ڈی کے مطابق جامع تلاشی اور سی آر او ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران ہلاک ہونے والے موٹر سائیکل سواروں کی شناخت عابد علی اور ظفر اقبال کے نام سے ہوئی، ہلاک ملزمان لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سنگین جرائم کی سیکڑوں وارداتوں میں سابقہ ریکارڈ یافتہ تھے۔

ڈی ایس پی کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ صدر رضوان منظور چیمہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان نے صفایا نام سے منظم گینگ بنایا ہوا تھا جو کہ لاہور سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں واردات کرکے فرار ہو جاتے تھے۔

سی سی ڈی کے مطابق نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، ہلاک ہونے والے ملزمان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید کو شہید کرنے والے 3 ڈاکو تونسہ میں ہلاک ہوگئے جن کی شناخت رحمت عرف رانجھا، فہد عرف فہدی اور آصف عرف سنجرانی کے ناموں سے ہوئی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان پولیس نے تھانہ صدر تونسہ کی حدود میں سپر بند 2 کے مقام پرناکہ بندی کی، اس دوران دریا سے سپر بند 2 کی طرف آنے والے 5 ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں 3 خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگئے، ملزمان تھانہ صدر تونسہ کی حدود میں اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دو ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے، ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے جبکہ مفرور ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025