پریش راول کا گھٹنے کی چوٹ کے علاج کے لیے اپنا ’پیشاب‘ پینے کا انکشاف
بھارتی فلموں کے سینئر اداکار پریش راول نے انتہائی کریہہ انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہوں نے اپنے گھٹنے میں لگی چوٹ کے علاج کے لیے اپنا ’پیشاب‘ پیا اور جلد ہی ٹھیک ہوگئے۔
پریش راول نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں ماضی میں خود شوٹنگ کے دوران گھٹنے میں لگنے والی چوٹ کا قصہ بیان کیا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنا پیشاب پی کر چوٹ کا علاج کیا۔
ان کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے دوران پھسلنے سے انہیں گھٹنے میں چوٹ لگی اور انہیں ہسپتال داخل کرادیا گیا، جہاں انہیں ڈھائی ماہ تک زیر علاج رکھے جانے کا امکان تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ان کی اہلیہ بھی ہسپتال میں تھیں جو دوسرے بچے کو جنم دینے کے لیے ہسپتال داخل ہوئی تھیں لیکن انہیں چوٹ لگ گئی اور ان کے خاندان کے مسائل بڑھ گئے۔
پریش راول کا کہنا تھا کہ چوٹ لگنے کے بعد جب انہیں ہسپتال داخل کرایا گیا تو ان سے ملاقات کے لیے اجے دیوگن کے والد ہدایت کار ویرو دیوگن آئے اور انہیں علاج کا نیا فارمولا بتا کر گئے۔
انہوں نے بتایا کہ اجے دیوگن کے والد نے انہیں صبح سویرے اپنا پہلا پیشاب پینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ’تمام ایتھلیٹس اور دوسرے انسان ایسا ہی کرتے ہیں، تم بھی ایسا کرو، تمہیں کچھ نہیں ہوگا‘۔
اداکار نے کہا کہ انہوں نے ویرو دیوگن کی بات پر عمل کرنے کا سوچا اور منصوبہ بنایا کہ وہ صبح اپنے پیشاب کو پانی کی طرح نہیں بلکہ شراب کی طرح گھونٹ گھونٹ کر کے پئیں گے۔
پریش راول نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایسا ہی کیا اور کچھ دن بعد جب ان کا ایکسرے کیا گیا تو ڈاکٹرز بھی دنگ رہ گئے، ان کا زخم ٹھیک ہوچکا تھا اور انہیں چند ہی دنوں میں ڈسچارج کردیا گیا۔
ایک اور سوال کے جواب میں پریش راول نے بتایا کہ انہوں نے مذکورہ بات اپنے اہل خانہ کو نہیں بتائی، انہیں بس یہی کہا کہ ان کا زخم علاج سے ٹھیک ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر بات اہل خانہ کو بتانے والی نہیں ہوتی۔
بھارتی سینئر اداکار کے اس عجیب و غریب انکشاف پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید اور حیرت کا اظہار کیا گیا ہے۔
صارفین کی اکثریت نے پریش راول کا مذاق اڑایا اور ان پر شدید تنقید بھی کی۔