لاہور میں پولیس کی کارروائی، صنم جاوید اور شوہر 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار
لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن سے سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دینے والی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی کارکن صنم جاوید اور شوہر کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی متحرک کارکن صنم جاوید اور اس کے خاوند کو 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں انویسٹی گیشن پولیس تھانہ اسلام پورہ نے گرفتار کیا ہے۔
گرین ٹاؤن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کی، صنم جاوید کے ساتھ ان کے خاوند کو بھی حراست میں لیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صنم جاوید اور اس کے خاوند کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 14 جولائی 2024 کو بھی صنم جاوید کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے رہائی کے بعد اسلام آباد پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کو سیشن کورٹ اسلام آباد پیش کیا گیا تھا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، ایف آئی اے کی جانب سے صنم جاوید کے 6 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ڈیوٹی جج ملک محمد عمران کی عدالت میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی تھی۔
عدالت نے صنم جاوید کےوکلا کی مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا منظور کرلی اور رہائی کے بعد صنم جاوید گھر روانہ ہوگئی تھی، ابھی ان کی رہائی کو کچھ دیر ہی ہوئی تھی کہ اسلام آباد کی رمنا پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔