نوشکی: آتشزدگی کے بعد آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا، 40 افراد زخمی
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی جبکہ لوگ آگ بھجانے میں مصروف تھے کہ ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر نوشکی امجد سومرو نے ڈان کو بتایا کہ دھماکے میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے، زیادہ جھلس کر زخمی ہونے والوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جھلس کر زخمی ہونے والے دیگر افراد کو کوئٹہ ریفر کردیا گیا، مزید بتایا کہ ٹرک اڈے میں کھڑے آئل ٹینکر میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششوں کے دوران دوسرا واقعہ ہوا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق فائر بریگیڈ کا عملہ قریب ہونے کے بعد جھلس کر شدید زخمی ہوا، شہریوں کو جائے وقوع سے ہٹانے کے لیے موجود 4 پولیس اہلکار بھی جھلس کر زخمی ہوئے۔
ادھر، ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ نوشکی میں افسوس ناک حادثہ ہوا، آئل ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی شدت سے موقع پر موجود فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی متاثر ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں 30 سے زائد افراد کے جھلسنے کی اطلاعات ہیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول ہسپتال اور بی ایم سی منتقل کیا جار رہا ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی جار رہی ہے، واقعہ افسوسناک ہے، اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔