کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات میں 301 افراد جاں بحق، 4 ہزار سے زائد زخمی
کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 301 تک جاپہنچی جبکہ زخمیوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
ڈان نیوز کے مطابق فلاحی ادارے نے کراچی میں رواں سال اب تک پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
ریسکیو کے مطابق کراچی میں 4 ماہ میں مختلف ٹریفک حادثات کے دوران 301 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ہیوی ٹریفک کے حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 96 تک جاپہنچی ہے۔
ریسکیو کے مطابق حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد میں 234 مرد، 27 خواتین، 32 بچے اور 8 بچیاں شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہے جن میں مرد خواتین اور بچے سب شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر صوبائی حکومت اور ٹریفک پولیس کو شدید تنقید کا سامنا ہے جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی اس معاملے پر آمنے سامنے آچکے ہیں، گورنر سندھ اس حوالے سے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو 2 خطوط بھی لکھ چکے ہیں جن میں انتظامی غفلت، قانون سے روگردانی کو حادثات کی بڑی وجہ قرار دیا گیا۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے رمضان المبارک میں کراچی میں ٹریفک حادثات پر سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے اختیار دو، ایک بچہ بھی کچلا تو میں خود ٹینکر کے آگے لیٹ جاؤں گا۔