سعودی عرب: حاجیوں کی ادائیگیاں غلط اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کے ’بے بنیاد‘ دعوے مسترد

شائع April 29, 2025
— فائل: اے ایف پی
— فائل: اے ایف پی

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے ہزاروں پاکستانی حج زائرین کے فنڈز غلط بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے سے متعلق دعوؤں کی تردید کردی۔

عرب نیوز پاکستان نے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کا ڈیجیٹل حج پلیٹ فارم ’اعلیٰ ترین شفافیت کے معیار‘ پر عمل پیرا ہے۔

یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی جب گزشتہ ہفتے مختلف میڈیا آؤٹ لیٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ 67 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین کو سفرِ حج میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ ان کے اخراجات کے لیے مختص لاکھوں سعودی ریال غلط بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوگئے ہیں۔

عرب نیوز پاکستان کے مطابق سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے نمائندے کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا کے کچھ اداروں کی جانب سے یہ دعوے کیے گئے تھے کہ ’حج فنڈز غلط سعودی اکاؤنٹ میں بھیج دیے گئے‘، دراصل ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حج اکاؤنٹ مینجمنٹ سسٹم اور وزارت کے سرکاری الیکٹرانک حج پلیٹ فارم کو سجھنے میں غلطی کی وجہ سے یہ غلط فہمی پیدا ہوئی، جو شفافیت اور درستگی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بناتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نمائندے نے بتایا کہ پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے اپنے زائرین کے لیے تمام معاہدے بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کر لیے تھے، تاہم کئی پاکستانی نجی حج کمپنیوں نے اپنے عازمینِ حج کے معاہدے وقت پر مکمل نہیں کیے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ مسئلہ گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی دہرایا گیا ہے، جس کے باعث ان زائرین کی اندراج سے متعلق کارروائی وقت پر مکمل نہیں ہو سکی اور وہ سعودی عرب میں حج ادا کرنے سے محروم رہ گئے۔

گزشتہ ہفتے وزیرِاعظم شہباز شریف نے وزارتِ مذہبی امور کے حکام کی مبینہ غفلت پر ان کی سرزنش کی تھی اور قوم کو یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ اس معاملے کو سعودی حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے تاکہ مسئلہ حل کیا جا سکے۔

مقامی میڈیا کے مطابق نجی حج آپریٹرز سعودی عرب کے تقاضے پورے نہ کر سکے، جس کی وجہ سے 67 ہزار عازمینِ حج ادا کرنے سے محروم ہو گئے۔

تاہم، نجی حج آپریٹرز نے الزام عائد کیا ہے کہ سعودی حکومت کی وجہ سے ادائیگوں میں تاخیر ہوئی، انہوں نے مقررہ وقت سے پہلے ادائیگیاں کر دی تھیں لیکن سعودی سافٹ ویئر سسٹم کریش کرگیا تھا۔

سعودی ڈیڈلائن کے مطابق ویزے جاری کرنے کی آخری تاریخ 18 اپریل تھی، جس کے باعث 67 ہزار عازمینِ حج کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا۔

دریں اثنا، سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے رپورٹ کیا کہ پاکستان کا حج 2025 آپریشن منگل کی صبح باضابطہ طور پر شروع ہو گیا، جب اسلام آباد سے مدینہ کے لیے پہلی حج پرواز روانہ ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق، ’افتتاحی پرواز پی کے -713 صبح 5 بجکر 21 منٹ پر روانہ ہوئی، جس میں 427 عازمینِ حج سوار تھے جو سعودی عرب میں مقدس فریضہ ادا کریں گے۔‘

واضح رہے کہ سال 2025 میں پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا، جس کا نصف حصہ نجی حج آپریٹرز کے ذریعے استعمال کیا جانا تھا تاہم، صرف 23 ہزار افراد ہی نجی آپریٹرز کے ذریعے حج پر جا سکے۔

کارٹون

کارٹون : 11 جون 2025
کارٹون : 10 جون 2025