کراچی سے گدھے کی 14ٹن وزنی کھالیں چین اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
کراچی میں کسٹم نے جنوبی ایشیا پاکستان پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گدھے کی 14 ٹن وزنی کھالیں بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں کسٹم نے جنوبی ایشیا پاکستان پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گدھے کی 8 کروڑ روپے مالیت کی کھالیں بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔
ترجمان کسٹم کے مطابق چمڑے کی مصنوعات کی آڑ میں گدھوں کی 14 ہزار کلوگرام وزنی کھالیں چین بھیجی جارہی تھی، گدھوں کی کھالوں کا برآمدی کنسائمنٹ ٹرمینل میں گرین چینل سے کلئیر ہوچکا تھا اور کنٹینر کو بحری جہاز پر لوڈ کرنے کی اجازت بھی مل گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ نے لوڈ ہونے سے قبل کنسائمنٹ کی تفصیلی جانچ پڑتال کی تو ممنوعہ کھالیں برآمد ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کی برآمدی پالیسی کے تحت گدھوں کی کھال برآمد کرنے پر پابندی عائد ہے، کسٹم حکام نے برآمدکنندہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے کھالیں ضبط کرلیں جبکہ کھالوں کو کسٹمز گودام منتقل کردیا گیا ہے۔