بھارت میں ڈان نیوز کا فیس بُک پیج بھی بند، وزیراعظم اور آئی ایس پی آر کا یوٹیوب چینل بلاک
مودی سرکار پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ ناکام ہونے پر شدید بوکھلاہٹ کاشکار ہے، بھارت میں پاکستان کے معروف چینل ڈان نیوز کے یوٹیوب کے بعد فیس بک پیج کو بھی بند کردیا، اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم شہباز شریف اور آئی ایس پی آر کے یوٹیوب چینل کو بھی بلاک کردیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستانی میڈیا کے سچ دکھانے پرمودی سرکار بوکھلاہٹ کاشکار ہے، اسی بوکھلاہٹ میں بھارت میں پاکستان کے معروف چینل ڈان نیوز کے یوٹیوب کے بعد فیس بک پیج کو بھی بند کردیا۔
مودی کی شرانگیزی اور پہلگام واقعے میں را کا کردار بے نقاب کرنے پر بھارتی حکومت نے ڈان نیوز سمیت کئی پاکستانی چینلز کے یوٹیوب پیجز کو بند کردیا تھا، جس کے بعد سچ کے متلاشی بھارتی سوشل میڈیا صارفین فیس بک پر ڈان نیوز پر خبروں سے آگاہی حاصل کررہے تھے لیکن اب بھارت نے فیس بک پر بھی ڈان نیوز کے پیج پر پابندی لگادی ہے۔
یہ سلسلہ یہیں نہیں رکتا، مودی سرکار اس قدر بوکھلاہٹ کاشکار ہے کہ آج اس نے یوٹیوب پر وزیراعظم پاکستان کے چینل کوبھی بلاک کردیا اور وزیر اعظم کی کاکول اکیڈمی کی تقریر بھارتی شکایت پر یوٹیوب سے ہٹادی گئی۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں وزیر اعظم کی تقریر پر بھارتی حکومت حواس باختہ تھی، یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی تقریر ہٹائے جانے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔
دریں اثنا پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں حقائق سامنے لانے پر مودی سرکار نے گھبراہٹ میں آئی ایس پی آر کا یو ٹیوب چینل بھی بلاک کر دیا، مودی سرکار نے ذرائع ابلاغ اور میڈیا چینلز پر پابندی کے بعد اب آئی ایس پی آر کا آفیشل یوٹیوب چینل اور ایکس اکائونٹ بھی معطل کردیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے 29 اور 30 اپریل کو پاکستان میں بھارتی دہشت گردی اور جھوٹ کو مفصل طریقے سے بے نقاب کیا، گزشتہ روز مودی سرکار نے آئی ایس پی آر کے آفیشل اکاؤنٹ کو بھی بلاک کردیا، بھارتی میڈیا نے بھی اعتراف کیا کہ پاکستانی میڈیا بیانیے کی جنگ جیت گیا۔
قبل ازیں پاکستانی شوبز ستاروں کے بعد پی ایس ایل فرنچائز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی سرحد پاربند کردیے گئے، پی ایس ایل کی مقبول فرنچائز لاہور قلندرز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک بھارتی صارفین کی رسائی بند کردی گئی، فیس بک اورانسٹاگرام پیجز بھی بھارت میں بند کر دیے گئے۔
علاوہ ازیں بھارتی فالس فلیگ کا بھانڈا پھوڑنے کے پاکستان کے کامیاب بیانیے پر بھارتی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اور انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ پر سائبر حملے شروع کردیے۔
ذرائع کے مطابق بھارتیوں نے اپنی ناکامی چھپانے کے لیے عطاءاللہ تارڑ کے نمبر پر کالز کرنا شروع کردیں، عطاءاللہ کے ذاتی موبائل نمبر پر بھارتی نمبروں سے انھیں ہراساں کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔