عاطف اسلم اور نصرت فتح علی خان کے وی ایف ایکس مکسچر گانے نے دل جیت لیے
مقبول گلوکار عاطف اسلم اور مایہ ناز مرحوم گلوکار و موسیقار استاد نصرت فتح علی خان کی آوازوں کو ’وژوئل افیکٹس‘ (وی ایف ایکس) کے ذریعے ملاکر ریلیز کیے گئے گانے نے مداحوں کے دل جیت لیے۔
عاطف اسلم کی جانب سے ’سانوں اک پل چین نہ آوے‘ گاکر جہاں نصرت فتح علی خان کو خراج تحسین پیش کیا گیا، وہیں اسی گانے میں مرحوم گلوکار کی اصلی آواز کو بھی وی ایف ایکس کے ذریعے عاطف اسلم سے ملاکر شائقین کو تحفہ دیا گیا۔
’سانوں اک پل چین نہ آوے‘ کو ’ویلو اسٹیشن‘ کے تحت ریلیز کیا گیا، جسے بلال لاشاری اور عمارہ حکمت نے پروڈیوس کیا ہے۔
گانے کو پروڈیوس کرنے سمیت اسے مکس کرنے میں سرمد غفور کا کردار ہے جب کہ اسے انسائیکلو میڈیا لاشاری فلمز کے بینر تلے پیش کیا گیا ہے۔
’سانوں اک پل چین نہ آوے‘ کو ابتدائی طور پر نصرت فتح علی خان نے دو دہائیاں قبل گایا تھا اور انہوں نے ہی اس کی موسیقی ترتیب دی تھی، انہوں نے ہی اس کی شاعری لکھی تھی۔

’سانوں اک پل چین نہ آوے‘ کے نئے گانے میں استاد نصرت فتح علی خان کی اصلی آواز کو وژوئل افیکٹس ٹیکنالوجی کے ذریعے شامل کیا گیا ہے اور گانے کو سننے کے بعد شائقین نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔
گانے کو سنتے وقت ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نصرت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے ایک ساتھ گانے کی دوبارہ ریکارڈنگ کروائی ہے، تاہم ایسا نہیں بلکہ دونوں کی آوازوں کو وی ایف ایکس ٹیکنالوجی کے ذریعے مکس کیا گیا۔
گانے کو ریلیز کیے جانے کے بعد صارفین نے خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے گانے کے پروڈیوسرز کی بھی تعریفیں کیں اور گانے کو شائقین کے لیے قیمتی تحفہ قرار دیا۔












لائیو ٹی وی