جامعہ کراچی میں پانی کی متاثرہ لائن کا مرمتی کام مکمل، پانی کی فراہمی کل شروع ہوگی

شائع May 3, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

جامعہ کراچی میں پانی کی متاثرہ لائن کا مرمتی کام مکمل کرلیا گیا جب کہ واٹر کارپورریشن کی جانب سے کل (اتور) دن 12 بجے تک پانی کی فراہمی شروع کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جامعہ کراچی میں پانی کی 84 انچ لائن میں شگاف کا مرمتی کام مکمل کرلیا گیا۔

واٹر کارپورریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مرمت مکمل ہونے کے بعد کل اپ اور ڈاؤن اسٹریم کو بتدریج کھولا جائے گا، کراچی کوپانی کی فراہمی کل دن 12 بجے شروع ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے 94 گھنٹے کی ڈیڈ لائن کل دن 12 بجے ختم ہوگی۔

دو روز قبل، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ افسر (سی او او) انجینئر اسد اللہ خان نے کہا تھا کہ جامعہ کراچی میں پانی کی متاثرہ لائن کا مرمتی کام ہفتے کی شام تک مکمل کر لیا جائے گا۔

ان کہنا تھا کہ مرمتی کام مقررہ وقت پر مکمل کرکے پانی کی فراہمی کی بحالی کو یقینی بنایاجائے، مرمتی کام میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 29 اپریل کو جامعہ کراچی سے گزرنے والی پانی کی 84 انچ قطرکی مرکزی لائن پھٹ گئی تھی، یونیورسٹی کا نصف سے زیادہ رہائشی علاقہ زیر آب اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا، جبکہ شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہو گئی تھی۔

رہائشی کالونی زیر آب آنے کے بعد جامعہ کراچی میں رہائش پذیر افراد اور طلبہ اسکول اور دفاتر کو نہیں جاسکے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025