وزیراعظم کی مصروفیت کے باعث وفاقی کابینہ کا اجلاس موخر

شائع May 6, 2025
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی کابینہ کا کل طلب کیا گیا اجلاس موخر کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی مصروفیت اور وزیر خزانہ کی عدم دستیابی کے باعث اجلاس مؤخر کیا گیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کل وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں بھارت سے کشیدہ صورتحال پر مشاورت ہونی تھی۔

اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی اور اب تک کی صورتحال پر مشاورت اور ملکی داخلی اور سرحدی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جانی تھی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آئندہ بجٹ کے حوالے سے تیاریوں پر بھی غور کیا جانا تھا۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔

اس کے علاوہ بھی مودی سرکار نے پاکستان کے حوالے سے کئی جارحانہ فیصلے کیے، جن میں پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی بھی شامل ہے۔

پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے بہترین سفارتی حکمت عملی کو اختیار کیا، اور بھارت کے سفارتی عملے کو بھی 30 افراد تک محدود کر دیا گیا تھا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا تھا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، پانی بند کیا گیا تو پاکستان اسے جنگ تصور کرے گا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ، چین سمیت کئی ممالک نے پاکستان اور بھارت کو تحمل کا مظاہرہ کرنےکے لیے کہا ہے اور سوئٹزرلینڈ اور ایران نے ثالثی کی پیش کش بھی کی ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں پاکستان کے مستقل مندوب نے بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات پر روشنی ڈالی، جن میں 23 اپریل کو اعلان کردہ یکطرفہ اقدامات اور جارحانہ فوجی رویہ شامل ہے۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ یہ اقدامات غیر منصفانہ اور خطرناک ہیں اور تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 جون 2025
کارٹون : 21 جون 2025