ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، بھارتی حملوں پر شدید احتجاج

شائع May 7, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو آج وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا تاکہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں متعدد مقامات پر بلااشتعال بھارتی حملوں پر پاکستان کا شدید احتجاج ریکارڈ کیا جاسکے۔ ان حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی کھلی جارحیت پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے، اس طرح کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور بین ریاستی تعلقات کو کنٹرول کرنے والے قائم کردہ اصولوں کے منافی ہیں، پاکستان نے بھارت کے دشمنانہ رویے کے بے بنیاد جواز کو سختی سے مسترد کردیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فریق کو خبردار کیا گیا کہ اس طرح کے لاپروائی سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔

بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مار گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔

وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صبح سویرے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی ہے، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، پاکستان کے مؤثر جواب کے بعد بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔

اس کے علاوہ پاک فوج کی جوابی کارروائیاں تاحال جاری ہیں، اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچنے کی مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 11 فروری 2026
کارٹون : 10 فروری 2026