• KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.4°C
  • ISB: Cloudy 12.7°C
  • KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.4°C
  • ISB: Cloudy 12.7°C

فواد خان کی فلم بھارت میں ریلیز ہونی چاہیے، پرکاش راج

شائع May 7, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام/ پرومو فوٹو
—فوٹو: انسٹاگرام/ پرومو فوٹو

بھارتی فلموں کے معروف ولن پرکاش راج نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود فواد خان کی آنے والی بولی وڈ فلم ’ابیر گلال‘ کی بھارت میں ممکنہ پابندی کی مخالفت کردی۔

شوبز ویب سائٹ ’مشابل‘ کے مطابق پرکاش راج نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں واضح طور پر کہا کہ کسی بھی فلم پر پابندی نہیں لگائی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دور میں عوام زیادہ جذباتی ہوچکے ہیں، عوام کے جذبات چھوٹی چھوٹی باتوں پر مجروح ہونے لگے ہیں، اس لیے ’ابیر گلال‘ کو بھی ریلیز کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مثال دی کہ ماضی میں دپیکا پڈوکون کی ’پدماوت‘، شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ اور حال ہی میں ریلیز ہونے والی دوسروں فلموں پر بھی عوام کے جذبات مجروح کرنے کا الزام لگا کر ان کی نمائش روکی گئی۔

پرکاش راج نے کہا کہ اسی طرح عوام کے جذبات کے مجروح کرنے کا بہانا بنا کر کسی بھی فلم پر پابندی نہیں لگائی جانی چاہیے، فواد خان کی ’ابیر گلال‘ کو ریلیز کیا جانا چاہیے۔

اداکار کے مطابق صرف ان ہی فلموں کی نمائش کو روکا جا سکتا ہے، جن میں فحش اور عریاں مناظر ہوں یا پھر کسی میں بچوں کے ساتھ بدسلوکی کو غلط انداز میں دکھایا جائے۔

پرکاش راج کا کہنا تھا کہ کون سی فلم پروپیگنڈا ہے اور کس فلم میں حقائق کو توڑ مروڑ کر دکھایا گیاہے، یہ فیصلہ فلم دیکھنے والے عوام کو کرنے کا حق ہے، اس لیے فلموں کی نمائش پر پابندی نہیں لگنی چاہیے۔

بولی وڈ ولن کے مطابق حالیہ عرصے میں بھارتی فلم سینسر بورڈ میں ریاستی سینسرشپ زیادہ ہو چکی ہے، فلم سینسر شپ نہیں ہو رہی، اس لیے ’ابیر گلال‘ کو بھی ریلیز سے نہ روکا جائے۔

خیال رہے کہ ’ابیر گلال‘ کو رواں ماہ 9 مئی کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم گزشتہ ماہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔

پہلگام واقعے کے 15 دن بعد بھارت نے بہانا بنا کر 7 مئی کی علل الصبح کو پاکستان کے 6 مقامات پر حملے کیے، جس کے بعد پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور دونوں ممالک میں کشیدگی مزید بڑھ چکی ہے۔

اب دونوں ممالک کےدرمیان جنگ کے خطرات منڈلانے لگے ہیں جب کہ بھارت نے پہلے ہی متعدد پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی اپنے ملک میں بلاک کردیے ہیں لیکن اب پرکاش راج نے فواد خان کی بھارتی فلم کو ریلیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025