آرمی چیف کی ایئر ہیڈکوارٹرز آمد، بھارتی جارحیت ناکام بنانے پر فضائیہ کو خراج تحسین

شائع May 7, 2025
— فوٹو: آئی ایس پی آر
— فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور بھارتی جارحیت ناکام بنانے پر ایئر چیف اور شاہینوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر ایئر ہیڈکوارٹر پہنچے جہاں چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا استقبال کیا۔

آرمی چیف نے چیف آف ائیر اسٹاف اور ائیر فورس کے شاہینوں کو بھارتی ائیر فورس کی جارحیت ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔

جنرل عاصم منیر نے دشمن کے جہاز مار گرانے اور اپنا لوہا منوانے پر پاک فضائیہ کو سراہا اور ساتھ ہی تینوں مسلح افواج کے درمیان بہترین تعاون کو بھی سراہا۔

ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کسی کو ملکی جغرافیائی سالمیت کی خلاف ورزی نہیں کرنے دی جائے گی اور جو بھی ایسی کوشش کرے گا اس کی قیمت ادا کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے رات گئے کیے جانے والے بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے ۔

علاوہ ازیں، ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر،6 مہار بٹالین ہیڈکوارٹرز اور مختلف چیک پوسٹیں اڑا ڈالیں جس کے بعد بھارتی فوج نے ایل اوسی کے 4 سیکٹرز میں پوسٹوں پر سفید جھنڈے لہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025