’دوبارہ نہیں کرنا بیٹا: یہ فلم نہیں چل رہی‘ فہد مصطفیٰ کا بھارت کو پیغام
اداکار و ٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ نے پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فوج کی صلاحیتوں پر تعریفیں کرتے ہوئے بھارت کو پیغام دیا ہے کہ ’دوبارہ نہیں کرنا بیٹا، یہ بولی وڈ فلم نہیں چل رہی‘۔
فہد مصطفیٰ نے اپنے گیم شو ’جیتو پاکستان‘ کے آغاز میں ہی پاک فوج کی جوابی کارروائیوں پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی جانب سے بھارت کو خبردار کرنے کی مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہوگئی۔
فہد مصطفیٰ نے ’جیتو پاکستان‘ کے آغاز میں ہی پاک فوج کی جوابی کارروائیوں کی تعریفیں کیں اور ساتھ ہی میں پاکستانی میڈیا کی جانب سے مستند خبریں نشر کرنے پر بھی پاکستانی میڈیا کی تعریفیں کیں۔
فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا نے غلط خبریں نشر نہیں کیں، کوئی بڑے دعوے نہیں کیے، وہی رپورٹنگ کی جو واقعات ہوئے۔
انہوں نے بھارتیوں کو پیغام دیا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ اور بچے سکون کا سانس لیتے ہیں، یہاں ہندوتوا کا راج نہیں، سب لوگ یکساں ہیں۔
ٹی وی میزبان نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا تھا لیکن یہ بات بھارتیوں کو سمجھ نہیں آئی اور اب پاک فوج کی جانب سے بات سمجھانے پر ہندوستان کا دماغ ٹھکانے آگیا۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں بھارت کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’دوبارہ نہیں کرنا بیٹا، یہ بولی وڈ فلم نہیں چل رہی۔
اداکار کا بھارت کو کہنا تھا کہ جب سچ میں ہوتا ہے تو ایسا ہی ہوتا ہے، اس لیے دوبارہ نہیں کرنا اور پاکستان کے جواب کو انجوائے کرو۔
فہد مصطفیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان نے جو کہا، وہ کر دکھایا اور بھارت نے اسے محسوس بھی کیا۔
فہد مصطفیٰ کی جانب سے پاکستانی میڈیا اور پاک فوج کی تعریفیں کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔













لائیو ٹی وی