آنر کے آنے والے فون میں تصاویر کو اے آئی ویڈیو میں تبدیل کرنے کا فیچر دیے جانے کا امکان
چینی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی ’آنر‘ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ آنے والے اپنے 400 سیریز کے فونز میں تصاویر کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ویڈیو میں تبدیل کرنے کا فیچر دے گی۔
اگرچہ تصاویر اور پینٹنگز کو ویڈیوز میں تبدیل کرنے کے لیے متعدد تھرڈ پارٹی ایپس فیچرز دیتی ہیں جب کہ ویڈیوز ایڈیٹر ایپلی کیشن سے بھی ایسا کرنا ممکن ہے، تاہم پہلی بار کوئی فون کمپنی تیسری پارٹی کے بغیر ایسا فیچر فون میں متعارف کرائے گی۔
آنر کی جانب سے جلد ہی 400 سیریز کے فونز کو پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس میں متعدد نئے فیچرز دیے جائیں گے، علاوہ ازیں اس بار فونز میں کئی اے آئی ٹولز بھی دیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی کی جانب سے اس بار 400 سیریز کے فونز میں تصاویر کو اے آئی ویڈیو میں تبدیل کرنے کے فیچر کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
نہ صرف عام تصاویر کو اے آئی ویڈیوز میں تبدیل کیا جا سکے گا بلکہ پرانی تصاویر کو رنگین بھی کیا جا سکے گا جب کہ پینٹنگز نما تصاویر کو بھی ویڈیوز میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
فیچر کے تحت صارف جیسے ہی ایپلی کیشن میں تصاویر یا ایک ہی تصویر بھیجے گا، فون کا اے آئی سسٹم مذکورہ تصاویر یا تصویر کو ویڈیو میں تبدیل کردے گا۔
پینٹنگز کی تصاویر میں نظر آنے والے نظارے از خود اے آئی فیچر کے تحت ویڈیو میں تبدیل ہوجائیں گے، اگر کسی پینٹنگ میں پرندے ہوں گے تو وہ پرندے اڑنے لگیں گے اور نظر آنے تصویر ویڈیو کی طرح چلنے لگے گی۔