پاکستان کی حمایت پر روپالی گنگولی کا بھارتیوں سے ترکیہ کے بائیکاٹ کا مطالبہ
بھارتی اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن روپالی گنگولی نے پاکستان دشمنی میں ایک قدم آگے جاتے ہوئے بھارتیوں سے ترکیہ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کردیا۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق روپالی گنگولی نے ایکس پر مختصر ٹوئٹ میں بھارتی شوبز شخصیات، سیاحت کے شوقین افراد اور عام بھارتیوں سے ترکیہ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔
اداکارہ نے مختصر ٹوئٹ میں بھارتیوں سے اپیل کی کہ جو افراد ابھی ترکیہ کا دورہ کرنے کا سوچ رہے ہیں، وہ ان سے درخواست کرتی ہیں کہ وہ اپنا دورہ کینسل کردیں۔
اس سے قبل روپالی گنگولی نے بھارت کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں کی حمایت کرنے پر فواد خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
روپالی گنگولی نے فواد خان کی جانب سے بھارتی حملوں کو شرمناک قرار دیے جانے پر ان کا بھارت میں کام کرنا بھی ’شرمناک‘ قرار دیا تھا۔
روپالی گنگولی کی جانب سے ترکیہ کے بائیکاٹ کا مطالبہ ایسی رپورٹس کے بعد کیا گیا جب بھارتی میڈیا نے خبریں شائع کی تھیں کہ ترکیہ نے بھارت پر حملے کے وقت پاکستان کی مدد کی۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ترکیہ نے پاکستان کو 350 ڈرونز بھی فراہم کیے جب کہ دیگر حوالوں سے بھی ترکیہ نے پاکستان کی مدد کی تھی۔

علاوہ ازیں بھارتی میڈیا نے خبریں شائع کی تھیں کہ بھارت کے خلاف حملے پر ترکیہ اور آذربائیجان جیسے ممالک نے پاکستان کی حمایت کی ہے، جس کے بعد بھارتیوں نے پاکستان کی طرح اس کے دوست ممالک سے بھی نفرت کرنا شروع کی۔
روپالی گنگولی نے بھارتی میڈیا کی خبروں کے بعد ہی عوام سے ترکیہ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ ترکیہ اور آذربائیجان سمیت دیگر متعدد پاکستان دوست ممالک بھارتیوں میں بہت مقبول ہیں، بھارتی بہت بڑی تعداد میں وہاں سیاحت کرنے جاتے ہیں۔
