بھارتی میڈیا میں جھوٹی خبریں پھیلانے سے متعلق سوال پر میزبان نے نوجوان سے مائیک چھین لیا
گودی میڈیا نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران بڑھ چڑھ کر بغیر کسی ثبوت اور تحقیق کے جھوٹ کو پھیلایا جس کی وجہ سے انہیں عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا اور بھارت کے اندر بھی میڈیا پر تنقید وسوالات کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتی نیوز چینل ’آج تک‘ کے ایک پروگرام میں بھارتی میڈیا پر بغیر تحقیق اور تصدیق کے معلومات کو آگے پھیلانے سے متعلق سوال پر میزبان نے نوجوان سے مائیک چھین لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
کسی بھی سنجیدہ معاملے یا تنازع میں بھارتی میڈیا کا کردار کسی مسخرے سے کم نہیں رہا ہے جس کی واضح مثال ہمیں حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دکھائی دی۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر فالس فلیگ آپریشن میں بھارتی میڈیا کا کردار انتہائی زہریلا رہا، جس نے زندہ لوگوں کو بھی نہ بخشا اور بغیر کسی تصدیق یا تحقیق کے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کو پروپیگنڈا کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا۔
یہاں تک کہ جس جوڑے کی تصاویر بھارتی میڈیا مسلسل دکھا رہا تھا، انہیں خود ویڈیو ریکارڈ کرکے بھارتی میڈیا کا جھوٹ بے نقاب کرنا پڑا، اور گودی میڈیا جس شخص کو بھارتی افسر قرار دے کر ہلاک ہونے کا پروپیگنڈا کررہا تھا، اسے ویڈیو میں اپنے زندہ ہونے کا ثبوت دینا پڑا لیکن اس کے باوجود گودی میڈیا نے معذرت یا معافی کا ایک ٹکر تک جاری نہیں کیا۔
خیال رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد گودی میڈیا نے پاکستان پر الزامات کی بوجھاڑ کردی تھی۔
بعد ازاں، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران بھی گودی میڈیا میں جھوٹ کا بازار گرم رہا اور بھارتی میڈیا بالی وڈ کا منظر پیش کرنے لگا جو جھوٹی خبریں دینے کے ساتھ ساتھ اپنے ناظرین کو محظوظ بھی کرتا رہا۔
مثال کے طور پر گودی میڈیا کی جانب سے لاہور میں بندرگاہ پر حملے کی خبر نے تو پاکستانیوں کو بھی حیران کردیا تھا اور پھر جس طرح کراچی پر حملے کی جعلی ویڈیوز بھارت کے مین اسٹریم چینلز پر نشر کی گئیں، اس نے تو تمام حدیں پار کردیں جس میں اردو میں آڈیو الگ سے ریکارڈ کرکے چلائی گئیں۔
یہاں تک کہ بھارت میں تھوڑی بہت سمجھ بوجھ رکھنے والی شخصیات جنگ کے دوران ہی اپنے میڈیا پر سوالات اٹھانے لگے، بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سوناکشی سنہا نے بھارتی میڈیا کو جوکر قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر بھارت کے معروف نیوز چینل ’آج تک‘ کے ایک پروگرام کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک طالب علم میزبان کی مرضی کا سوال نہیں پوچھتا تو اس سے فوراً مائیک چھین لیا جاتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں نوجوان سوال کرتا ہے ’انٹرنیشنل کمیونٹی میں جو ہماری بے عزتی ہوئی، جب ہمارے نیوز چینل نے بغیر تصدیق معلومات آگے پھیلائیں‘ ۔۔۔ اتنے میں میزبان ان سے مائیک لے کر آگے نکل جاتی ہیں اور وہ احتجاج شروع کردیتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیک آپریشن کی آڑ میں 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب نئی دہلی نے پاکستان پر فضائی حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا جس کے جواب میں پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے۔
بعد ازاں، 10 مئی کو پاک فوج کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا گیا، جس میں بھارت کے 26 ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا گیا، بالآخر 10 مئی کو شام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت سے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔













لائیو ٹی وی