نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار3 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے
نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار چین کے 3 روزہ دورے پر دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے، بیجنگ ایئرپورٹ پر چینی حکام اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے اسحٰق ڈار کا استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحٰق ڈار دورے کے دوران اعلیٰ سطح پر ملاقاتیں کریں گے جن میں باہمی تعاون پرتبادلہ خیال ہوگا۔
ادھر افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر متقی بھی کل چین پہنچیں گے، ذرائع کے مطابق تینوں ملک باہمی تجارت کے فروغ اور سیکیورٹی تعاون پر غور کریں گے، پاک بھارت تنازع کے بعد خطے کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال اور پاک - چین تعلقات پر بات چیت ہوگی، اسحٰق ڈار کا دورہ پاک - چین اعلیٰ سطح کے روابط کا حصہ اور پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی شراکت داری کا اعادہ ہے۔
چین روانگی سے قبل سرکاری نشریاتی ادارے ’پی ٹی وی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر دورہ کر رہا ہوں، دورے سے چین کےساتھ مثالی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چینی وزیرخارجہ سے گزشتہ 3 ہفتے میں 2 بار ملاقات ہوئی، 3 ہفتے میں 60 سے زائد رابطے ہوئے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے سامنے بھارت کے الزامات کو جھوٹ ثابت کیا، دنیا کو معلوم ہے بھارت نے پاکستان پر الزامات لگائے، بھارت کا بلیم گیم پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، دنیا جان چکی پاکستان پر لگائے گئے تمام الزامات غلط تھے۔