لاہور: بیوی کو قتل کر کے لاش جلانے والا سفاک شوہر اور سوتن 12 گھنٹے میں گرفتار

شائع May 19, 2025
کوٹ لکھپت سے خاتون ورکر کو قتل کرنے والا فیکٹری مالک بھی پکڑا گیا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
کوٹ لکھپت سے خاتون ورکر کو قتل کرنے والا فیکٹری مالک بھی پکڑا گیا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بیوی کو گلا دبا کر قتل کر کے لاش جلانے والے سفاک شوہر اور سوتن کو 12 گھنٹے میں گرفتار کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ملزم نذیر کی 20 سال قبل مقتولہ نجمہ سے شادی ہوئی تھی، جس سے دو بیٹے ہیں، ملزم 3 سال قبل دوسری شادی کر کے کرائے کے گھر میں رہنے لگا تھا، گھریلو ناچاقی پر ملزم نے خاتون کو بے دردی سے قتل کیا اور لاش کو جلا کر فرار ہوگیا تھا۔

افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز لاہور فیصل کامران نے نوٹس لیا اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سٹی بلال احمد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی۔

ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق انچارج چوکی سگیاں نعمان نے آپریشنز کی ٹیم کو لیڈ کیا، فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں نامزد ملزمان نذیر اور اس کی دوسری بیوی کو 12 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا، ملزمان قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے مختلف مقامات تبدیل کر رہے تھے، تاہم ٹیکنیکل بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں پکڑ لیا گیا۔

خاتون ورکر کا قتل کرنیوالا فیکٹری مالک گرفتار

ایک دوسری کارروائی میں لاہور کے علاقے کوٹ کھپت میں فیکٹری میں کام کرنے والی خاتون ورکر کے قتل میں ملوث فیکٹری مالک کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے پرس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ کوٹ لکھپت کے علاقے بابر چوک کے قریب 35 سالہ خاتون کو قتل کیا گیا تھا، فیکٹری کے مالک نے خاتون ورکر کو قتل کیا تھا، جس کی وجہ خاتون کی جانب سے پیسوں کا تقاضہ کرنا بتایا جاتا ہے۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق مقتولہ آصف اقبال نامی شخص کے ٹیلرنگ یونٹ پر کام کرتی تھی، خاتون اپنے بھائی کے ساتھ آصف کے گھر پیسوں کا مطالبہ کرنے گئی، ملزم نے پہلے جھگڑا کیا اور بعد میں فائرنگ کر دی، جس سے خاتون ہلاک ہوگئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مقتولہ کے قتل کا مقدمہ اس کے والد اشرف کی مدعیت میں درج کر رکھا ہے، پولیس کی ٹیم گرفتاری کے لیے گئی تو ملزم گھر کے اندر سے مسلسل فائرنگ کرتا رہا۔

اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق پولیس نے پیشہ ورانہ انداز میں ملزم کی مزاحمت کو ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا، پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 جون 2025
کارٹون : 18 جون 2025