کوے جیومیٹری بھی جانتے ہیں، تحقیق

شائع May 19, 2025
فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز
فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز

اگر ذہانت کی بات کی جائے تو صدیوں سے سائنس دان پرندوں کو احمق سمجھتے آئے ہیں، مگر ایک پرندہ جو ہمیشہ سے انہیں حیران کرتا آرہا ہے وہ کوا ہے۔

گزشتہ چند برسوں کے دوران سائنس نے دریافت کیا ہے کہ کوے اشیاء بنانے، انہیں ذخیرہ کرنے اور اوزاروں کی دیکھ بھال کی صلاحیت رکھتے ہیں، وہ گنتی کرسکتے ہیں، خود پر قابو پانے کی مشق کرتے ہیں، کھیلنا پسند کرتے ہیں اور ان کے اندر شدید قسم کا کینہ بھی پایا جاتا ہے۔

درحقیقت، جس کسی کو کبھی کوے کا سامنا ہوا ہے وہ جانتا ہے کہ یہ پرندہ بے حد ذہین ہوتا ہے، اسی لیے تو اسے ’سیانا کوا‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اب ایک نئی تحقیق میں یہ ثابت ہوا ہے کہ کوے ہماری توقعات سے کہیں زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔

تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ کوے جیومیٹری کے بھی ماہر ہوتے ہیں، وہ جیومیٹری کے نمونوں (پیٹرنز) کو شناخت کرسکتے ہیں اور یہ ایک ایسی صلاحیت ہے جس کے بارے میں اب تک یہی سمجھا جاتا تھا کہ صرف انسانوں میں ہی پائی جاتی ہے۔

جرمنی کی ٹوبنگن یونیورسٹی (Tubingen University) کے محققین نے دو کوؤں پر تجربات کیے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا وہ جیومیٹری کی مختلف اشکال کو شناخت کرسکتے ہیں یا نہیں۔

اس مقصد کے لیے ایک کمپیوٹر گیم کا استعمال کیا گیا، جس میں دونوں پرندوں کو ایک وقت میں چھ مختلف اشکال دکھائی گئیں جو ایک دوسرے سے مختلف تھیں۔

ابتدا میں آسان ٹیسٹ لیے گئے، لیکن بتدریج انہیں مشکل بنایا گیا اور پرندوں کو چوکور، مثلث (تکون) اور دیگر جیومیٹری کی اشکال کی شناخت کرائی گئی۔

ٹیسٹ کے دوران پہلے کوے نے 50 فیصد جیومیٹری اشکال کو درست پہچانا، جبکہ دوسرے کوے نے 60 فیصد اشکال کی درست شناخت کی۔

سائنس دان یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ تمام تر پیچیدگیوں کے باوجود کوے کامیاب رہے اور اس سے یہ ثابت ہوا کہ وہ واقعی بہت ذہین ہوتے ہیں، ابتدائی 60 ٹیسٹوں میں ان کی کامیابی کی شرح موقع کی نسبت کہیں زیادہ رہی۔

ان پرندوں نے نہ صرف قدرے مختلف اشکال کو بھی پہچانا بلکہ ان کے درست زاویے، لائنوں اور دیگر باریک تفصیلات میں فرق کو بھی جان لیا۔

سائنس دانوں نے یہ بھی جانچا کہ آیا وقت کے ساتھ ساتھ نتائج میں بہتری آئی ہے، انہوں نے سیکھنے کے کچھ معمولی اثرات ضرور دیکھے، مگر یہ صلاحیت شروع سے ہی موجود تھی۔

محققین نے نتیجہ اخذ کیا کہ کوے کلاس رومز میں جیومیٹری نہیں سیکھتے، نہ ہی وہ زاویوں کی پیمائش کرتے ہیں یا نظریات پر بحث کرتے ہیں بلکہ وہ اشکال کی ترتیب کو پہچان کر سمجھتے ہیں کہ کون سی شکل موزوں ہے اور کون سی نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025