اسپیکر قومی اسمبلی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈیجیٹلائزیشن پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی
ڈان نیوز کی خبر پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایکشن لے لیا،پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈیجیٹلائزیشن پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کرادی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں ڈاکٹر شازیہ صوبیہ سومرو نے ڈان خبار کا حوالہ دیتے ہوئے توجہ دلائی کہ دس سال پہلے قومی اسمبلی کو ڈیجیٹلائز کیا گیا مگر وہ سسٹم اب تک استعمال نہیں ہوا۔
اس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تصدیق کرتےہوئے کہا کہ دس سال سے میں، اسد قیصر اور راجا ( پرویز اشرف ) بھی کوشش کررہے تھے، مگر یہ ہمارے قومی اسمبلی کے اسٹاف کی نااہلی ہے جنہوں نے یہ ( کام ) نہیں کرنے دیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ انشااللہ ہم یہ کام کریں گے۔
واضح رہے کہ ڈان نیوز نے ایک روز قبل خبر دی تھی کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ ڈیجیٹل دور میں بھی ڈیجیٹلائزیشن اور ای آفس سسٹم سے محروم ہے، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں ای آفس کی عدم فعالیت سے سرکاری امور روایتی فائل پیپر ورک سے جاری ہیں۔
2015 سے ڈیجیٹل نظام موجود ہونے کے باوجود استعمال نہیں کیا گیا، اس دوران پیپرز کی چھپائی پر کروڑوں روپے ضائع ہوچکے ہیں۔