ڈبلیو ایچ او کا پاکستان کیلئے مستقل اندھے پن کا سبب بننے والی بیماری ختم کرنے پر ایوارڈ

شائع May 20, 2025
مصطفیٰ کمال بین الاقوامی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، ان کا خطاب بھی طے ہے — فوٹو: ایکس
مصطفیٰ کمال بین الاقوامی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، ان کا خطاب بھی طے ہے — فوٹو: ایکس

پاکستان کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے عوامی صحت کے مسئلے ٹریکوما (مستقل اندھے پن کا سبب بننے والی بیماری) کو کامیابی کے ساتھ ختم کرنے پر باعزت عالمی شناخت ملی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹریکوما کا خاتمہ ملک کے صحت کے شعبے کے لیے اہم سنگ میل ہے، ڈبلیو ایچ او کا یہ ایوارڈ وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کو جنیوا میں 78ویں عالمی صحت اسمبلی کے دوران پیش کیا گیا۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم گیوریسوس نے پاکستان میں آنکھ کی متعدی بیماری کو ختم کرنے کے لیے شاندار کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے سرٹیفکیٹ وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کے حوالے کیا۔

وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ فخر کا لمحہ ہے اور پاکستان کے عوامی صحت کے نظام کے لیے اہم کامیابی ہے، یہ ہماری حکومت کی ہر پاکستانی شہری کی بصیرت اور فلاح و بہبود کے تحفظ کی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ٹریکوما آنکھوں کی بیکٹیریائی بیماری ہے جس کا علاج نہ کیا جائے تو ناقابل واپسی اندھے پن کا سبب بن سکتی ہے، اس کا خاتمہ عوامی صحت کے لیے اہم کامیابی ہے جو مربوط صحت کی دیکھ بھال کی پالیسیوں، کمیونٹی پر مبنی مداخلتوں، اور بین الاقوامی شراکت داریوں کی تاثیر کو اجاگر کرتا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے پولیو کے خلاف لڑائی میں اسی طرح کی کامیابی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کی تصدیق کی اور کہا کہ جیسا کہ ہم نے ٹریکوما کو ختم کیا ہے، ہم پولیو کو ماضی کی بات بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

78ویں عالمی صحت اسمبلی کا اجلاس اس وقت جنیوا میں جاری ہے، جس میں صحت کے عالمی رہنماؤں کو وبائی مرض کی تیاری، دنیا بھر میں صحت کی کوریج اور غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ جیسے اہم مسائل پر غور و فکر کرنے کے لیے اکٹھا کیا گیا ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق مصطفیٰ کمال پاکستان کی نمائندگی بین الاقوامی فورم پر کر رہے ہیں، ان کا اسمبلی میں خطاب بھی طے ہے جہاں وہ پاکستان کی عوامی صحت میں پیش رفت، اہم چیلنجز اور ملک کے مستقبل کا روڈ میپ بیان کریں گے، خاص طور پر پولیو کے خاتمے پر توجہ مرکوز کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025