خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کا ذاتی خرچ پر ایک ہزار فلسطینیوں کو حج کرانے کا اعلان

شائع May 20, 2025
پروگرام کے تحت مختلف ممالک سے 64 ہزار سے زائد عازمین کی میزبانی کی جا چکی ہے
— فائل فوٹو: سعودی گزٹ
پروگرام کے تحت مختلف ممالک سے 64 ہزار سے زائد عازمین کی میزبانی کی جا چکی ہے — فائل فوٹو: سعودی گزٹ

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے ذاتی خرچ پر ایک ہزار فلسطینی شہدا، قیدیوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کو حج کرانے کی ہدایت کی ہے۔

سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ’خادم حرمین شریفین کے مہمانانِ حج، عمرہ اور زیارت پروگرام‘ کے تحت کیا جا رہا ہے، جسے وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد نافذ کر رہی ہے۔

وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد اور پروگرام کے عمومی نگران شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے شاہ سلمان اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا اس فیاضانہ اقدام پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مملکت کی مسلسل حمایت، فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی، اور اسلامی اخوت کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے زور دیا کہ یہ اقدام قیادت کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے مناسکِ حج کی ادائیگی میں آسانی پیدا کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت نے فوری طور پر ایک جامع منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، جس کے تحت فلسطینی عازمین حج کو اپنے وطن سے روانگی سے لے کر ان کی واپسی تک مکمل سہولتیں اور خدمات مہیا کی جائیں گی، تاکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ان کا قیام آرام دہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے آغاز (1417ھ) سے اب تک دنیا بھر کے مختلف ممالک سے 64 ہزار سے زائد عازمین حج کی میزبانی کی جا چکی ہے، جو اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں مملکت کی مسلسل کوششوں اور عالم اسلام کے مرکز و قبلہ کی حیثیت سے اس کے کردار کی گواہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025